مشرق وسطیٰ میں امریکا نے اپنی بحری طاقت میں مزید اضافہ کردیا جوہری توانائی سے چلنے والا امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ سینٹرل کمانڈ کے آپریشنل علاقے میں پہنچ گیا جس کے بعد خطے میں امریکی طیارہ بردار بحری جہازوں کے 3 اسٹرائیک گروپس تعینات ہوگئے ہیں۔امریکی عہدیدار نے برطانوی اخبار کو روزویلٹ کی آمد کی تصدیق کی ہے جبکہ نیویارک ٹائمز نے بھی اس سے قبل اطلاع دی تھی کہ امریکی بحری جہاز 24 گھنٹوں میں مشرق وسطیٰ پہنچ جائے گا۔روزویلٹ کی آمد ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ ایران نے اتوار کو بحرین میں امریکی ہیلی کاپٹر اڈے کو ڈرون حملے سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا، جو کئی ہفتوں بعد خلیجی ملک میں ایران کا پہلا حملہ قرار دیا جارہا ہے۔ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران پانچ بحری جہاز بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آگئے تاہم ان جہازوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق بھارتی بحری حکام نے خلیج میں ایک آئل ٹینکر پر حملے کی اطلاع بھی دی ہے جس کا عملہ محفوظ رہا۔دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی منگل کو عمان کا دورہ کریں گے جہاں وہ اپنے عمانی ہم منصب سے مذاکرات کریں گے۔یہ سفارتی کوششیں ایسے وقت میں جاری ہیں جب 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کے ایران پر مشترکہ حملے سے شروع ہونے والی جنگ کے خاتمے کے لیے تاحال کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہوسکی۔ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی رواں ہفتے ایشیا میں چین اور روس کے صدور سے ملاقات بھی متوقع ہے۔