یومِ اعلانِ آزادیٔ فلسطین؛ پاکستان کا آزاد خودمختار ریاست کے قیام کی حمایت کا اعادہ

اسلام آباد: پاکستان نے فلسطینی ریاست کی آزادی کے اعلان کی 38ویں سالگرہ کے موقع پر فلسطین کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حکومت اور پاکستانی عوام اس اہم موقع پر فلسطینیوں اور ان کی حکومت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔دفتر خارجہ نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی حمایت پر ثابت قدم ہے اور ایک آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے۔
صدر آصف زرداری کا پیغام
صدر مملکت آصف علی زرداری نے فلسطینی ریاست کی آزادی کے اعلان کی 38ویں سالگرہ پر فلسطینی صدر محمود عباس اور فلسطینی عوام کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے ان کے جائز حقوق اور حق خودارادیت کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔انہوں نے ریاست فلسطین کے اعلان آزادی کی 38ویں سالگرہ پر فلسطین کے صدر محمود عباس کے نام خط بھی ارسال کیا ہے۔صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور فلسطین کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔ پاکستان کے عوام فلسطینی عوام کو انتہائی احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔صدر نے دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے رشتوں کو مزید تقویت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے آزاد، خودمختار، قابل عمل اور ملحقہ ریاست فلسطین کے قیام کے لیے پاکستان کی پختہ اور اصولی حمایت کا دوبارہ اظہار کیا۔آصف زرداری نے فلسطینی عوام کو مسلسل درپیش مصائب کے تناظر میں پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے پائیدار امن، آزادی اور وقار کے لیے فلسطینی عوام کی امنگوں کی حمایت کا بھی اظہار کیا۔