Sat, November 28, 2026 10:54 pm

حماس سربراہ خلیل الحیہ کے بیٹے اسرائیلی فضائی حملے میں محفوظ، خاندان کے افراد زخمی

حماس کے سربراہ خلیل الحیہ کے بیٹے عزالدین الحیہ غزہ میں جمعہ کی صبح اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں محفوظ رہے، تاہم ان کے خاندان کے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔حماس کے سینئر رہنما باسم نعیم نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ اسرائیلی فوج نے فجر کے وقت ایک حملہ کیا جس میں عزالدین الحیہ اور ان کا خاندان محفوظ رہا۔ حماس کے ذرائع کے مطابق حملے میں خلیل الحیہ کی بہو سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔باسم نعیم کے مطابق 1997 میں پیدا ہونے والے عزالدین الحیہ، خلیل الحیہ کے زندہ بچ جانے والے آخری بیٹے ہیں۔ ان کے چار دیگر بیٹے اسرائیلی حملوں میں شہید ہوچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جمعہ کے حملے میں خلیل الحیہ کے ایک شہید بیٹے کا خاندان بھی محفوظ رہا۔حماس نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج نے غزہ میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ کو نشانہ بنایا۔ تنظیم نے اس حملے کو اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کی جانب سے خلیل الحیہ کو دی گئی دھمکیوں سے جوڑا ہے۔حماس نے اسرائیل پر الزام عائد کیا کہ وہ غزہ میں 2025 کے جنگ بندی معاہدے کو ناکام بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ تنظیم نے کہا کہ اسرائیل اپنے مسلسل حملوں کے نتائج کا مکمل ذمہ دار ہوگا۔باسم نعیم نے مزید بتایا کہ عزالدین الحیہ، ہمام خلیل الحیہ کے جڑواں بھائی ہیں، جو 2025 میں قطر میں حماس رہنماؤں کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہوگئے تھے۔ خلیل الحیہ خود بھی قطر میں ہونے والے اس حملے میں محفوظ رہے تھے۔واضح رہے کہ خلیل الحیہ کو گزشتہ سال جولائی میں حماس کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔ ایک روز قبل انہوں نے غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد کی ہلاکت کے بعد ممکنہ جوابی کارروائی سے بھی خبردار کیا تھا۔