آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد تین آئل ٹینکروں میں زوردار دھماکے ہوئے اور آگ بھڑک اٹھی۔ایرانی بحریہ اور پاسدارانِ انقلاب کی بحری فورس نے دعویٰ کیا ہے کہ متاثرہ جہازوں نے ایران کی جانب سے ممنوع قرار دیے گئے بحری راستوں سے گزرنے کی کوشش کی تھی۔ ایرانی حکام کے مطابق پہلے آئل ٹینکر کو آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں نشانہ بنایا گیا، جبکہ بعد میں دو مزید ٹینکر جنوبی حصے میں بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے۔ایرانی بحریہ کے مطابق ہفتے کی صبح ایک آئل ٹینکر ممنوعہ سمندری علاقے سے گزرنے کی کوشش کے دوران بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، جس کے بعد جہاز میں آگ بھڑک اٹھی اور اسے اپنا سفر روکنا پڑا۔بعد ازاں پاسدارانِ انقلاب کی بحری فورس نے دو مزید آئل ٹینکروں کے بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کی اطلاع دی۔ ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق دونوں جہازوں نے اپنے ریڈار اور خودکار شناختی نظام (AIS) بند کر رکھے تھے اور غیر مجاز راستے سے خفیہ طور پر آبنائے ہرمز عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔