فلائی جناح کا پہلا بالکل نیا ایئربس اے 320 طیارہ کراچی پہنچ گیا

کراچی: پاکستانی نجی ایئرلائن فلائی جناح کا بالکل نیا ایئربس A320neo طیارہ کراچی پہنچ گیا، کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے طیارے کو واٹر سیلوٹ پیش کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق برانڈ نیو طیارہ پاکستانی رجسٹریشن نمبر AP-BQA کے ساتھ فرانس کے شہر ٹولوز میں واقع ایئربس کے ہیڈکوارٹرز سے فیری فلائٹ کے ذریعے کراچی پہنچا۔ طیارے کا مینوفیکچرر سیریل نمبر 13606 ہے جس میں CFM LEAP-1A26 انجن نصب ہیں۔یہ کسی نجی پاکستانی ایئرلائن کے بیڑے میں شامل ہونے والا پہلا بالکل نیا طیارہ ہے۔ طیارے نے 2 نومبر کو ٹولوز میں اپنی پہلی کامیاب آزمائشی پرواز مکمل کی تھی جو 2 گھنٹے 2 منٹ جاری رہی۔ذرائع کے مطابق 10 نومبر کو مختلف مراحل مکمل کرنے کے بعد طیارے کو بیرون ملک سے پاکستان منتقلی کے لیے تیار کیا گیا تھا۔فلائی جناح کے بیڑے میں شامل ہونے والا یہ طیارہ گزشتہ ماڈلز کے مقابلے میں فی نشست کم از کم 20 فیصد کم ایندھن خرچ کرتا ہے جبکہ اس میں نصب جدید ریڈارز کی بدولت اس کی پرواز کی حد 3 ہزار 400 ناٹیکل میل تک ہے۔