Sat, November 28, 2026 11:09 pm

سری لنکا میں قتل کا ملزم فرار ہوتے ہوئے ہاتھی سے ٹکرا گیا، زخمی حالت میں گرفتار

سری لنکا میں ایک خاتون کے قتل کے الزام میں مطلوب شخص فرار ہونے کی کوشش کے دوران جنگلی ہاتھی سے ٹکرا گیا، جس کے بعد پولیس نے اسے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 49 سالہ شخص پر سری لنکا کے شمالی ضلع انورادھا پورہ میں ایک خاتون کو ان کے گھر میں چاقو کے وار کرکے قتل کرنے کا الزام ہے۔پولیس حکام کے مطابق ملزم واقعے کے بعد اسکوٹر پر فرار ہو رہا تھا کہ کچھ فاصلے پر جنگل سے اچانک سڑک پر آنے والے ہاتھی سے اس کی ٹکر ہوگئی۔عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ ہاتھی بظاہر محفوظ رہا اور ٹکر کے بعد واپس جنگل میں چلا گیا، جبکہ ملزم زخمی ہوگیا۔پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے اسپتال منتقل کردیا ہے جہاں مسلح اہلکاروں کی نگرانی میں اس کا علاج جاری ہے۔ حکام کے مطابق واقعے میں استعمال ہونے والا مشتبہ قتل کا ہتھیار بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔سری لنکا میں انسانوں اور ہاتھیوں کا آمنا سامنا نسبتاً عام ہے، کیونکہ آبادیوں اور زرعی زمینوں کے پھیلاؤ کے باعث انسانی آبادیاں اکثر جنگلی جانوروں کی قدرتی رہائش گاہوں کے قریب پہنچ گئی ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ پانچ برس کے دوران سری لنکا میں ہر سال اوسطاً 400 ہاتھی اور 150 انسان ہلاک ہوئے ہیں۔سری لنکا میں تقریباً 7 ہزار جنگلی ہاتھی موجود ہیں۔ ہاتھیوں کو قومی ورثہ تصور کیا جاتا ہے اور قانون کے تحت ان کا تحفظ کیا جاتا ہے، تاہم دور دراز دیہات کے رہائشی بعض اوقات فصلوں کو نقصان پہنچانے والے ہاتھیوں پر حملے بھی کرتے ہیں۔