کراچی: حکومت کی جانب سے کوششوں کے باوجود ملک بھر میں آٹا عوام کی پہنچ سے مزید دور ہوگیا۔
ملک میں آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ حکومتی اقدامات کے ساتھ گندم درآمد کیے جانے کے باوجود عوام کو مہنگائی سے ریلیف نہیں مل سکا۔تازہ اعداد و شمار کے مطابق 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت مختلف شہروں میں بڑھ کر 3 ہزار 800 روپے تک پہنچ گئی ہے۔وفاقی ادارہ شماریات کی دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ حیدرآباد میں 20 کلو آٹے کا تھیلا سب سے زیادہ قیمت پر فروخت ہورہا ہے، جہاں شہریوں کو اس کے لیے 3 ہزار 800 روپے ادا کرنا پڑ رہے ہیں۔اسی طرح پشاور میں یہی تھیلا 3 ہزار 750 روپے جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں 3 ہزار 733 روپے میں دستیاب ہے۔دستاویز کے مطابق کراچی میں 20 کلو آٹے کی قیمت 3 ہزار 600 روپے ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ بنوں اور کوئٹہ میں بھی صارفین کو اسی وزن کا تھیلا 3 ہزار 600 روپے میں خریدنا پڑ رہا ہے۔ لاڑکانہ میں اس کی قیمت 3 ہزار 560 روپے تک پہنچ چکی ہے۔گجرانوالہ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3 ہزار 533 روپے میں فروخت ہورہا ہے، جبکہ لاہور اور سیالکوٹ میں بھی اس کی قیمت بڑھ کر 3 ہزار 533 روپے تک ہوگئی ہے۔