جے یو آئی کے ممکنہ احتجاج اور وفاقی دارالحکومت میں اہم اجلاس کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ

جمعیت علمائے اسلام کے ممکنہ احتجاج اور وفاقی دارالحکومت میں اہم اجلاس کے پیش نظر راولپنڈی شہر، کینٹ اور گردونواح سمیت داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی ہائی الرٹ رکھتے ہوئے 32 پولیس پکٹس قائم کرکے 850 سے زائد افسران و اہلکار تعینات کر دیے گئے۔پولیس حکام کے مطابق خصوصی سیکورٹی پلان بھی ترتیب دیا گیا ہے جس کے تحت راولپنڈی کے تینوں ڈویژنز میں اہم شاہراہوں، داخلی و خارجی راستوں اور حساس مقامات پر خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ تمام پولیس پکٹس کی نگرانی تین ایس پیز کریں گے۔راول ڈویژن میں 7 پولیس پکٹس قائم کی گئی ہیں، جن میں لیاقت باغ ٹرن، منڈی موڑ، چک مدد، کمیٹی چوک، چاندنی چوک اور فیض آباد کے دونوں اطراف شامل ہیں۔پوٹھوہار ڈویژن میں 13 پولیس پکٹس قائم کی گئی ہیں، جن میں باہتر موڑ، اوپل چوک، ٹیکسلا چوک، پرانا ٹول پلازہ، چشتیہ آباد، مہر آباد، ایم ایچ چوک، ٹی اینڈ ٹی چوک، 22 نمبر چونگی، میٹرو اسٹیشن صدر، کامران مارکیٹ، معرکہ حق چوک، مورگاہ اور عمار شہید چوک شامل ہیں۔صدر ڈویژن میں 9 پولیس پکٹس قائم کی گئی ہیں، جن میں ڈہگل اڈیالہ روڈ، اڈیالہ جیل گیٹ نمبر 1 اور 5، بسکٹ فیکٹری، چک بیلی موڑ، چکری انٹرچینج، چک بیلی بازار، جی ٹی روڈ گوجرخان، مندرہ ٹول پلازہ، دولتالہ موڑ، پریس کلب کہوٹہ اور مرید چوک کلرسیداں شامل ہیں۔سیکیورٹی ڈیوٹیوں پر 3 ایس پیز، 10 اے ایس پیز/ڈی ایس پیز، 30 انسپکٹرز و ایس ایچ اوز، 158 اپر سب آرڈینیٹس اور 494 کانسٹیبلز تعینات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایلیٹ فورس کے 5 اپر سبارڈینٹس اور 20 کمانڈوز جبکہ 5 ریزرو فورس اڈیالہ گارڈ بھی ڈیوٹی انجام دیں گے۔سکیورٹی انتظامات کی مجموعی نگرانی ایس ایس پی انویسٹی گیشن سیف اللہ کے سپرد کی گئی ہے، جبکہ مجموعی کمانڈ اینڈ کنٹرول کے فرائض سی پی او راولپنڈی ڈاکٹر سردار غیاث گل خود سرانجام دیں گے۔دوسری جانب ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ٹریفک انتظامات کی نگرانی سی ٹی او راولپنڈی فرحان اسلم کریں گے۔پولیس کی جانب سے داخلی و خارجی راستوں سمیت اہم مقامات پر اضافی نفری تعینات کرکے سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔

خاص خبریں