کراچی: بلوچ کالونی کے قریب ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی میں زیر تعمیر 6 منزلہ عمارت گرنے کے واقعے پر وزیراعلیٰ سندھ نے ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور سیکریٹری بلدیات وسیم شمشاد کو فوری عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عمارت گرنے کے واقعہ پر اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزراء، سید ناصر حسین شاہ، ضیاءالحسن لنجار، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، کمشنر حسن نقوی اور دیگر شریک ہوئے۔وزیراعلیٰ سندھ نے عمارت کے گرنے پر شدید ناراضگی اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں کسی ایسے واقع کو برداشت نہیں کروں گا جس میں جانی نقصان یا انسانی ذات کو اذیت پہنچے۔بریفنگ لینے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر بلدیات ناصر شاہ کی مشاورت سے ان کے محکمہ کے حوالے سے اہم فیصلے لیتے ہوئے سیکریٹری بلدیات وسیم ششماد کو فوری عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا جبکہ وسیم شمشاد کو ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے عہدے سے بھی ہٹا دیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے وفاق حکومت کو وسیم شمشاد کو فوری معطل کرنے اور انکوائری کرنے کی سفارش کی۔عمارت گرنے کے سانحے کے پیش نظر وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی سی ایسٹ نصراللہ عباسی جبکہ غفلت برتنے پر وزیر داخلہ کی مشاورت سے ایس ایس پی ایسٹ زبیر شیخ کو بھی فوری ہٹا دیا۔ ایس بی سی اے کے متعلقہ 16 افسران کو بھی معطل کرنے کا حکم دے دیا۔ضروری انکوائری کرنے کے بعد بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا کوئی بھی ملازم ملوث پایا گیا اس کے خلاف تادیبی کارروائی کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے عمارت کے مالک سلمان طاہر اور بلڈر ذیشان کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت دے دی جبکہ چیف سیکریٹری کو ہدایت دی کہ عمارت کے آرکیٹیکٹ اور انجینیئر کو شامل تفتیش کیا جائے۔