بغداد: امریکا نے عراق سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ اپنی بیشتر سرحدی گزرگاہیں بند کردے۔عراقی وزیر خارجہ فواد حسین کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ نے واشنگٹن کی جانب سے تہران پر معاشی دباؤ بڑھانے کی پالیسی کے تحت یہ مطالبہ کیا ہے۔الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے فواد حسین نے بتایا کہ امریکا چاہتا ہے کہ عراق ایران کے ساتھ صرف دو سرحدی گزرگاہیں کھلی رکھے، جن میں سے ایک عراق کے نیم خودمختار کردستان خطے میں واقع ہے۔عراقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عراق اور ایران کے درمیان متعدد سرکاری اور غیر سرکاری سرحدی راستے موجود ہیں۔ ان تمام گزرگاہوں کو بند کرنا آسان نہیں ہوگا اور اس سے عراقی معیشت بھی متاثر ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا اب بھی سرحدی راستے بند کرنے کا مطالبہ کر رہا ہے اور عراقی حکام اس معاملے پر واشنگٹن کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔فواد حسین کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکا ایران پر معاشی دباؤ بڑھانے کے لیے عراق کے ساتھ سرحدی تجارت اور آمدورفت محدود کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ تاہم عراقی حکومت کو اس مطالبے پر عمل درآمد میں اپنی معاشی ضروریات اور ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔عراق اور ایران کے درمیان متعدد سرحدی گزرگاہوں کے ذریعے تجارت ہوتی ہے، اس لیے ان کی بندش سے دونوں ملکوں کے کاروباری اور تجارتی روابط متاثر ہوسکتے ہیں۔