Thu, September 24, 2026 3:29 pm

مسلم لیگ ن کے ڈاکٹر نجیب نقی آزاد کشمیر کے نئے صدر منتخب

پاکستان مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار ڈاکٹر نجیب نقی 32 ووٹ لیکر آزاد کشمیر کے نئے صدر منتخب ہوگئے۔ڈاکٹر نجیب نقی آزاد کشمیر کے 25ویں صدر منتخب ہوئے ہیں۔صدارتی انتخاب اور نومنتخب صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے دعوت نامے بھی جاری کیے گئے ہیں، نو منتخب صدر آج ہی اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 45 ارکان نے صدر کا انتخاب کیا، پولنگ دوپہر ایک بجے تک جاری رہی۔پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر نے 13 ووٹ حاصل کیے جب کہ ایک رکن غیر حاضر رہا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈاکٹر نجیب نقی کو صدر آزاد جموں و کشمیر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر نجیب نقی کا انتخاب آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے اعتماد کا مظہر ہے، امید ہے ڈاکٹر نجیب نقی اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے وفاقی حکومت کے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈاکٹر نجیب نقی کو آزاد جموں و کشمیر کا 25 ویں صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے صدر جموں و کشمیر ڈاکٹر نجیب نقی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔