زیورخ: سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ میں انڈس ہسپتال کے لیے ایک پروقار فنڈ ریزنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی اور فیملیز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستان کے نامور اداکار نعمان اعجاز نے تقریب میں خصوصی شرکت کی اور اپنے پُراثر انداز میں شرکاء سے انڈس ہسپتال کے فلاحی مشن میں بھرپور تعاون کی اپیل کی۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد ڈاکٹر زیدی نے انڈس ہسپتال کے حوالے سے تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔ انہوں نے ہسپتال کی طبی و فلاحی خدمات، ضرورت مند مریضوں کو فراہم کی جانے والی علاج معالجے کی سہولیات اور اس انسان دوست مشن کو جاری رکھنے کے لیے مخیر حضرات اور پاکستانی کمیونٹی کے تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔تقریب کے خصوصی مہمان نعمان اعجاز نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے انسانیت کی خدمت اور ضرورت مند افراد کی مدد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے شرکاء کو انڈس ہسپتال کے مشن کا حصہ بننے اور ایسے مریضوں کی مدد کے لیے آگے بڑھنے کی دعوت دی جو علاج کے اخراجات برداشت کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔نعمان اعجاز کی گفتگو اور انڈس ہسپتال کی خدمات سے متعلق پریزنٹیشن کے بعد شرکاء نے بھرپور جذبۂ خیر سگالی کا مظاہرہ کیا اور انسانیت کی خدمت کے اس مقصد کے لیے دل کھول کر عطیات دیے۔ تقریب میں موجود فیملیز اور کمیونٹی کے افراد کا جوش و جذبہ قابلِ دید تھا۔تقریب کے کامیاب انعقاد میں انڈس ٹیم کے ندیم سرمست، محمود الرحمن، جمیل قادر، صغیر احمد، سعد احمد اور کامران فاروق نے اہم کردار ادا کیا۔ ٹیم کے اراکین نے پروگرام کے انتظامات اور مہمانوں کی میزبانی سمیت تقریب کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور خدمات انجام دیں۔تقریب میں مہمانوں کے لیے کھانے کا خصوصی انتظام سپائس ولیج کے سعید احمد کی جانب سے کیا گیا، جبکہ اس فلاحی فنڈ ریزنگ ایونٹ کو حبیب بینک اے جی نے اسپانسر کیا۔تقریب میں پاکستانی فیملیز کی بڑی تعداد کی شرکت نے اسے نہ صرف ایک فنڈ ریزنگ ایونٹ بلکہ پاکستانی کمیونٹی کے باہمی رابطے اور انسانیت کی خدمت کے مشترکہ جذبے کا خوبصورت مظہر بنا دیا۔زیورخ میں منعقد ہونے والی یہ تقریب اس بات کا عملی اظہار تھی کہ وطن سے ہزاروں میل دور رہنے والے پاکستانی آج بھی اپنے وطن اور ضرورت مند انسانوں سے مضبوط رشتہ رکھتے ہیں۔ انسانی جان بچانے کے مقصد کے لیے کیا جانے والا تعاون محض ایک عطیہ نہیں بلکہ کسی ضرورت مند کے لیے علاج، امید اور نئی زندگی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔