گجرات:پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک مکمل طور پر غیر منصفانہ اور آئینِ پاکستان سمیت عالمی قوانین کے منافی ہے۔گجرات میں میڈیا اور پارٹی کارکنوں سے عید کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کسی کا نقصان نہیں کیا، مگر ان کی اپنی بہنوں اور اہلخانہ سے ملاقاتوں پر مسلسل پابندی لگائی جا رہی ہے جو کہ انتہائی تشویشناک عمل ہے۔چوہدری پرویز الٰہی نے انکشاف کیا کہ پوری دنیا اس بات سے آگاہ ہو چکی ہے کہ حکومتی غفلت کے باعث عمران خان کی بینائی متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہر قیدی کا یہ بنیادی حق ہے کہ بیماری کی صورت میں اسے بغیر کسی رکاوٹ کے اپنے خاندان سے ملنے دیا جائے۔سابق وزیراعلیٰ نے حکومت کی موجودہ حکمتِ عملی کو “بیمار ذہنیت” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے ملک میں بے چینی بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت قومی اتحاد کی ضرورت ہے لیکن حکومت کے رویے سے قومی یکجہتی اور سالمیت پارہ پارہ ہو رہی ہے۔اس سے قبل چوہدری پرویز الٰہی نے گجرات کی مقامی مسجد “ختم الانبیاء” میں عید کی نماز ادا کی اور ملک کی سلامتی کے لیے دعا کی۔