ڈبلن: منہاج القرآن انٹرنیشنل لندن، برطانیہ کے گلوبل ایمبیسڈر علامہ محمد صادق قریشی الازہری نے منہاج سینٹر ڈبلن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے ایگزیکٹو عہدیداران کے ساتھ خصوصی اجلاس میں شرکت کی جن میں علامہ محمد عدیل ۔ رضوان احمد طور ۔ حافظ محمد سعید بھٹی ۔ محی الدین۔ شہزاد احمد اور وسیم بٹ شامل تھے ۔ اجلاس میں تنظیمی امور، دینی سرگرمیوں کے فروغ اور آئرلینڈ میں مسلم کمیونٹی کی دینی و اخلاقی تربیت کے حوالے سے اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔اجلاس کے آغاز پر منہاج القرآن آئرلینڈ کے سینئر نائب صدر رضوان احمد طور نے علامہ محمد صادق قریشی کو سینٹر میں جاری سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے ہفتہ وار خطبۂ جمعہ، ماہانہ حلقۂ گوشۂ درود اور دیگر دینی و تنظیمی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔اس موقع پر علامہ محمد صادق قریشی نے خصوصی طور پر منہاج سینٹر ڈبلن میں بچوں کی دینی تعلیم و تربیت کے لیے باقاعدہ پروگرام شروع کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے اس امر کی اہمیت اجاگر کی کہ یورپی معاشرے میں پروان چڑھنے والی نئی نسل کو قرآنِ مجید، اسلامی تعلیمات، اخلاقی اقدار اور سیرتِ مصطفیٰ ﷺ سے روشناس کرانے کے لیے منظم تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں کا آغاز کیا جائے، تاکہ بچوں کی دینی و اخلاقی نشوونما بہتر انداز میں ممکن ہو سکے۔علامہ محمد صادق قریشی نے بچوں کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ منہاج القرآن آئرلینڈ میں ویمن لیگ کے قیام پر بھی زور دیا۔ انہوں نے خواتین کو دینی، تعلیمی، تربیتی اور دعوتی سرگرمیوں میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنے کی اہمیت اجاگر کی۔ ویمن لیگ کے قیام سے خواتین کی تنظیمی شمولیت کو فروغ دینے اور خاندانوں و نئی نسل کی دینی و اخلاقی تربیت کے لیے سرگرمیوں کو منظم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔انہوں نے تنظیمی نظم و ضبط، باہمی تعاون، اخلاص اور دعوتی مشن کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر بھی توجہ دلائی۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ منہاج سینٹر ڈبلن کو دینی تعلیم، بچوں کی تربیت اور خواتین کی تنظیمی و دعوتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مزید فعال بنانے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔علامہ محمد صادق قریشی کا یہ دورہ منہاج القرآن آئرلینڈ کی دینی و تنظیمی سرگرمیوں کو وسعت دینے اور کمیونٹی کی نئی نسل اور خواتین کو مؤثر انداز میں ان سرگرمیوں سے منسلک کرنے کے حوالے سے اہمیت کا حامل قرار دیا گیا۔