اٹلی : اٹلی میں پاکستانی کمیونٹی کے لیے اہم سنگِ میل۔ ہیومن ٹرسٹ انٹرنیشنل کے بانی و صدر ڈاکٹر وقاص ندیم کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے اٹلی کے اہم جیل ادارے سانتا ماریا کاپوا ویٹیرے کا خصوصی دورہ کیا۔ تنظیم کے مطابق یہ پاکستانی قیادت میں اپنی نوعیت کی ایک اہم پیش رفت ہے۔دورے کے دوران وفد کو قیدیوں کی پیشہ ورانہ تربیت، سلائی، بیکری، زراعت اور سماجی بحالی کے منصوبوں سے آگاہ کیا گیا۔ قیدیوں کے تیار کردہ تحائف بھی پیش کیے گئے۔
وفد میں صدر وومن لیگ ہیومن ٹرسٹ انٹرنیشنل ڈاکٹر حنا عروج، وومن لیگ کی مشیران ایڈووکیٹ نکولے موناکو، ڈاکٹر عشبہ خان اور انعم کے علاوہ ارباز ضیا، لوئیجی پیٹرازیولو، عمران خان، راجہ عمران اور معروف ٹک ٹاکر عباس شاہد المعروف شاہدو ویلا بھی شامل تھے
اس موقع پر جیل کی ڈائریکٹر ڈاکٹر ڈوناٹیلا فیلو مینا روٹونڈو کو ہیومن ٹرسٹ انٹرنیشنل کی جانب سے اعزازی سند پیش کی گئی تنظیم کے مطابق، انہوں نے ادارے کی رکنیت بھی قبول کی
ڈاکٹر وقاص ندیم نے جیل انتظامیہ کی اجازت اور قواعد کے مطابق مسلمان قیدیوں کے لیے قرآنِ پاک اور جائے نمازیں جبکہ دیگر مذاہب کے قیدیوں کے لیے مقدس کتابیں فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ہیومن ٹرسٹ انٹرنیشنل کے مطابق یہ دورہ اٹلی میں پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار، انسانی خدمت اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔