لندن: لندن کے علاقے والتھم اسٹو میں اوورسیز جہلم فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام سول ہسپتال جہلم، ڈی ایچ کیو کے لیے فنڈ ریزنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں جہلم سمیت برطانیہ کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والی سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات سمیت مختلف مکاتبِ فکر کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔تقریب کا بنیادی مقصد سول ہسپتال جہلم میں زچہ و بچہ اور بچوں کے لیے طبی سہولیات کی بہتری، بالخصوص چلڈرن وارڈ کے لیے فنڈز اکٹھے کرنا تھا۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک شہرہ آفاق قاری محمود فراشوی نے کیا ، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ﷺ بین الاقومی شہرت یافتہ نعت خواہ سید خالد حسین شاہ نے پیش کی۔
اس موقع پر اوورسیز جہلم فاؤنڈیشن کے سرپرستِ اعلیٰ چوہدری پرویز آف جلو چک جہلم، حال مقیم برمنگھم نے تقریب کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ فاؤنڈیشن جہلم کے عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زچہ کے لیے وارڈ اور پچاس بیڈز کی سہولت کے حوالے سے پہلے ہی کام کیا جا چکا ہے، جبکہ اب چلڈرن وارڈ کے لیے چار سو بیڈز کی سہولت کے قیام کے لیے فنڈز حاصل کرنا اہم مقصد ہے۔
تقریب کے میزبان اور آرگنائزر عادل اقبال ملک ایڈووکیٹ سعیلہ نے پروگرام کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے جہلم کی تاریخ، تہذیب اور اپنے آبائی شہر سے محبت کا ذکر کرتے ہوئے سول ہسپتال جہلم کی اہمیت اور علاقے کے عوام کو درپیش طبی مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ عادل اقبال ملک ایڈووکیٹ نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس فلاحی مشن میں بھرپور تعاون جاری رکھنے کی اپیل کی۔
تقریب میں معروف سیاسی و سماجی شخصیات راجہ اللہ دتہ، عنصر چوہدری، چوہدری شوکت علی، چوہدری محبوب ، چوہدری رضا چیمہ خالد اقبال ملک،چوہدری دلپذیر، چوہدری یعقوب ، چوہدری مناف گجر ، راجہ شاکر کیانی، جنید خان، خاور بلال بٹ، رحمان کھوکھر اور عادل اقبال ایڈووکیٹ سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔معزز شرکاء نے اوورسیز جہلم فاؤنڈیشن اور پروگرام کے منتظمین کی جانب سے سول ہسپتال جہلم کے لیے کی جانے والی اس قابلِ قدر فلاحی کاوش کو سراہا اور اسے جہلم کے عوام کی خدمت اور بیرونِ ملک پاکستانیوں کی اپنے آبائی علاقے سے محبت کی بہترین مثال قرار دیا۔اوورسیز پاکستانی اگر اسی جذبے کے ساتھ اپنے علاقوں کے فلاحی منصوبوں میں کردار ادا کرتے رہیں تو پاکستان میں عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے میں نمایاں مدد مل سکتی ہے۔