جدہ کرکٹ کلب کے زیرِ اہتمام سعودی قومی دن کی مناسبت سے کرکٹ ٹورنامنٹ کا شاندار افتتاح

جدہ : سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں جدہ کرکٹ کلب کے زیرِ اہتمام سعودی قومی دن (یوم الوطنی) کی مناسبت سے ایک پروقار کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔ ٹورنامنٹ کا شاندار افتتاح سماجی و کاروباری شخصیت اور تقریب کے مہمانِ خصوصی، چیئرمین پاکستان انویسٹمنٹ فورم سعودی عرب اور اعزازی چیئرمین جدہ کرکٹ کلب چودھری شفقت محمود نے کیا۔ اس موقع پر چودھری شفقت محمود نے خود شارٹ کھیل کر ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز کیا۔تقریب میں عبدالماجد خان، انجینیئر عبدالمتین، مرزا محمود الحسن اور ماجد سعید خان سمیت دیگر اہم سماجی، کاروباری اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے خصوصی شرکت کی اور انتظامیہ کی اس کاوش کو سراہا۔دورانِ تقریب کلب کے صدر عبدالماجد خان نے ٹورنامنٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس خصوصی ایونٹ میں جدہ کرکٹ کلب کی تین ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جن کے مابین ٹرافی کے لیے دلچسپ مقابلے ہوں گے۔ ٹورنامنٹ آرگنائزنگ کمیٹی کے وسیم احمد نے بتایا کہ یہ ٹورنامنٹ سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا -افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی چودھری شفقت محمود نے انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ٹورنامنٹس کا انعقاد تارکینِ وطن کے لیے بہترین تفریح اور صحت مند ماحول فراہم کرتا ہے، جس سے کمیونٹی میں اتحاد اور بھائی چارے کی فضا مضبوط ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے قومی دن کی خوشیوں میں کھیل کے میدان کے ذریعے شریک ہونا پاک-سعودی دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔تقریب کے اختتام پر تمام مہمانوں، کھلاڑیوں اور شائقین نے سعودی عرب کے قومی دن کی مناسبت سے مبارکباد پیش کی اور ٹورنامنٹ کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔