پاک ازبک دوستی وقت اور فاصلوں سے ماورا ہے، سفیر پاکستان محمد مدثر ٹیپو کا ازبکستان کے 35 ویں یوم آزادی پر مبارکباد کا پیغام

تاشقند :جمہوریہ ازبکستان کے 35ویں یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر پاکستان کے سفیر برائے ازبکستان ایچ ای محمد مدثر ٹیپو نے ازبکستان کی حکومت اور برادر ازبک عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے پیغام میں سفیر پاکستان محمد مدثر ٹیپو نے کہا کہ ازبکستان کی قدیم تہذیب، بھرپور ثقافتی ورثہ، لچک اور قابل ذکر کامیابیاں ہم سب کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ اس عظیم دن کو منانا میرے لیے اعزاز اور فخر کی بات ہے۔سفیر پاکستان ایچ ای محمد مدثر ٹیپو نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور روحانی رشتے وقت اور فاصلوں سے ماورا ہیں۔ امام بخاری اور امام ترمذی کی لازوال میراث سے لے کر الخوارزمی، ابن سینا اور البیرونی جیسے عظیم علما کی فکری و سائنسی خدمات تک، ہماری تاریخ ہمیشہ ایک دوسرے سے جڑی رہی ہے۔سفیر پاکستان محمد مدثر ٹیپو نے کہا کہ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کی ابدی دوستی نے نئی قوت حاصل کی ہے۔ ازبکستان کے صدر شوکت میرضیایف اور وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی بصیرت افروز قیادت میں پاکستان اور ازبکستان امن، ترقی اور سلامتی کے فروغ کے لیے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مسلسل وسعت دے رہے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ مل کر ہم اپنی آنے والی نسلوں کے لیے روشن اور محفوظ مستقبل تشکیل دیں گے۔ آخر میں سفیر پاکستان نے ازبکستان کے برادر عوام کے لیے مسلسل امن، خوشحالی، ترقی اور خوشیوں کی دلی دعا کی۔

خاص خبریں