تاشقند : سینٹرل ایشین انٹرنیشنل ایجوکیشنل فورم کے موقع پر پاک میڈیا جرنلسٹ فورم انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر عبدالرحمن اور ازبکستان کی وزارتِ اعلیٰ تعلیم، سائنس و جدت کی پریس سروس و انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ، سائنس و اختراع کی ترجمان اور مشیر ایچ ای نزاکت عظیمووا کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات کا بنیادی محور دونوں برادر ممالک کے مابین بالخصوص میڈیا کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینا اور سٹریٹجک پارٹنرشپ کو فروغ دینا تھا۔مذاکرات کے دوران میڈیا کے کردار، صحافیوں کے باہمی پیشہ ورانہ دوروں اور دونوں ممالک کے درمیان معلومات کے تبادلے کو بہتر بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کا ایک اہم نکتہ پاکستانی میڈیا پروفیشنلز اور صحافیوں کو ازبکستان کے دورے کی دعوت دینا تھا، جس کا مقصد میڈیا مینجمنٹ کے بہترین طریقوں کا اشتراک اور باہمی رابطوں کو مضبوط بنانا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبدالرحمن نے تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون کے حوالے سے یقین دہانی کروائی کہ وہ پاکستان میں متعلقہ تعلیمی اور دیگر اداروں سے بات چیت کریں گے اور انہیں اس باہمی تعاون کے عمل میں مکمل طور پر آن بورڈ لانے کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔ دونوں فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ میڈیا اور تعلیمی اداروں کے اشتراک کو عملی شکل دے کر دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔