لاہور ریسٹورنٹ لاکورنیو کے زیرِ اہتمام محفلِ میلادِ مصطفیٰﷺ کا منعقد، الحاج شہباز قمر آفریدی کی عقیدت بھری نعت خوانی

پیرس :فرانس کے دارالحکومت پیرس میں لاہور ریسٹورنٹ کے اونر عدیل گوندل کی میزبانی میں محفلِ میلادِ مصطفیٰ ﷺ کا پُروقار انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات، مذہبی و سماجی افراد اور عاشقانِ رسول ﷺ نے بھرپور شرکت کی۔محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک، حمدِ باری تعالیٰ اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔ اس موقع پر محفل کا ماحول درود و سلام اور ذکرِ مصطفیٰ ﷺ سے معطر رہا۔ شرکاء نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کرتے ہوئے نعتیہ کلام پیش کرنے والے ثناء خوانِ مصطفیٰ ﷺ الحاج شہباز قمر آفریدی کو بھرپور داد دی۔الحاج شہباز قمر آفریدی نے اپنی پرسوز آواز میں نعتیہ کلام پیش کیا، جس سے محفل میں روحانی کیفیت پیدا ہوگئی۔ شرکاء نے عقیدت و احترام کے ساتھ نعتیہ کلام سماعت کیا اور درود و سلام کا ورد کیا۔محفل میں معروف شخصیات ذوالفقار عباسی، ملک بوبی اور سید ثاقب حسین شاہ سمیت پاکستانی کمیونٹی کے دیگر افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے محفل کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ دیارِ غیر میں ایسی مذہبی و روحانی محافل نئی نسل کو اسلامی اقدار، دینی روایات اور سیرتِ طیبہ ﷺ سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔محفل سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حسن میر قادری نے سیرتِ طیبہ ﷺ، عشقِ رسول ﷺ اور اسلامی تعلیمات کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی حیاتِ مبارکہ پوری انسانیت کے لیے بہترین نمونہ ہے۔ آپ ﷺ نے محبت، اخوت، عدل، برداشت، رواداری اور انسانیت کی خدمت کا درس دیا، جس پر عمل پیرا ہو کر معاشرے میں امن و سکون اور بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایسی محافل مسلمانوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے، باہمی اتحاد کو مضبوط کرنے اور اسلامی اقدار کو اجاگر کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔خطاب کے بعد علامہ حسن میر قادری نے ملک و قوم کی سلامتی، پاکستان کی ترقی و خوشحالی، امتِ مسلمہ کی سربلندی، فرانس سمیت دنیا بھر میں امن و استحکام، مسلمانوں کے اتحاد اور تمام حاضرین کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔ انہوں نے فلسطین سمیت دنیا کے مختلف خطوں میں مظلوم مسلمانوں کے لیے بھی دعا کی۔محفل کے اختتام پر شرکاء کی تواضع کی گئی۔ شرکاء نے محفلِ میلادِ مصطفیٰ ﷺ کے کامیاب انعقاد پر لاہور ریسٹورنٹ کے اونر عدیل گوندل کو مبارک باد پیش کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی ایسی بابرکت اور روحانی محافل کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

خاص خبریں