پیرس : پیرس میں ادارہ منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کے زیرِ اہتمام ربیع الاول کی مناسبت سے عظیم الشان محفل میلاد النبی ﷺ کا انعقاد کیا گیا۔محفل کی صدارت ادارہ منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کے صدر راجہ بابر نے کی، جبکہ راحیل عبداللہ نے تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت حاصل کی۔محفل کا آغاز مقامی نعت خواں حضرات سلیمان، عبداللہ، تصور، دانش بھٹی، عثمان اور زاہد محمود چشتی نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نذرانۂ عقیدت پیش کرکے کیا۔ اس موقع پر علامہ حافظ اقبال اعظم نے بھی حضور اکرم ﷺ کی شانِ اقدس میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔محفل میں خصوصی طور پر معروف ثنا خواں الحاج شہباز قمر فریدی نے شرکت کی، جنہوں نے اپنے منفرد اور پُرجوش انداز میں بارگاہِ رسالت ﷺ میں عقیدت کے کلام پیش کیے۔ ان کے کلام پر حاضرین نے بھرپور داد دی اور محفل کا ہال نعروں اور درود و سلام سے گونجتا رہا۔ادارہ منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کے ڈائریکٹر علامہ حسن میر قادری نے میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے خصوصی مہمان الحاج شہباز قمر فریدی کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا، جبکہ محفل میں شریک تمام خواتین و حضرات کو بھی خوش آمدید کہا اور ان کی شرکت پر اظہارِ تشکر کیا۔الحاج شہباز قمر فریدی نے اپنے مخصوص انداز میں حضور نبی کریم ﷺ کی بارگاہ میں میلاد کی نسبت سے کلام پیش کیا، جس پر حاضرین نے خوب داد دی۔سامعین کے جوش و خروش کو دیکھتے ہوئے شہباز قمر فریدی نے کہا کہ انہیں محسوس ہو رہا ہے کہ آج وہ غلامانِ مصطفیٰ ﷺ کی محفل میں اپنا کلام پیش کر رہے ہیں۔انہوں نے حاضرین کی فرمائش پر مختلف کلام بھی پیش کیے، جنہیں شرکائے محفل نے بے حد سراہا۔ محفل کے دوران ادارہ منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کا ہال وقتاً فوقتاً نعروں اور درود و سلام سے گونجتا رہا۔
آخر میں سلام پیش کیا گیا، جس کے بعد میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا، جبکہ شرکائے محفل کی لنگر سے بھی تواضع کی گئی