پیرس:پاکستان تحریک انصاف فرانس کی تنظیم میں اہم پیش رفت، معروف بزنس مین چوہدری گلزار احمد لنگڑیال کو پی ٹی آئی فرانس کا نیا صدر منتخب کر لیا گیاجبکہ چوہدری ماجد چیمہ جنرل سیکرٹری، لالہ شبیر برہان سینئر نائب صدر، خرم تارڑ ایڈیشنل جنرل سیکریٹری، ثقلین بھٹی انفارمیشن سیکریٹری اور ناصرہ خان ویمن سیکرٹری کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالتے ہوئے پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں اور خدمات کو آگے بڑھائیں گے۔چوہدری گلزار احمد لنگڑیال طویل عرصے سے فرانس میں پاکستانی کمیونٹی اور پاکستان تحریک انصاف سے وابستہ سیاسی و سماجی سرگرمیوں میں متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔ پارٹی کے لیے ان کی خدمات اور مسلسل جدوجہد کے پیشِ نظر انہیں پی ٹی آئی فرانس کی قیادت کی اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے۔نومنتخب صدر چوہدری گلزار احمد لنگڑیال نے اس موقع پر پارٹی کارکنان اور قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ فرانس میں تحریک انصاف کو مزید منظم اور فعال بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کے مسائل کو اجاگر کرنا اور پاکستان کے لیے مثبت کردار ادا کرنا ان کی ترجیحات میں شامل ہوگا۔نومنتخب عہدیداران کو پاکستانی کمیونٹی اور پی ٹی آئی فرانس کے کارکنان کی جانب سے مبارکباد دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے، جبکہ مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے چوہدری گلزار احمد لنگڑیال اور دیگر نومنتخب عہدیداران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔