راہ ادب فرانس کے زیر اہتمام علامہ اقبال کی یوم پیدائش کی تقریب، خراج تحسین پیش کیا گیا

پیرس :پیرس فرانس کے ایک مقامی ریسٹورنٹ میں ادبی تنظیم ” راہ ادب فرانس” کے تحت 7 نومبر 2026ء بروز ہفتہ، ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ جس میں علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ کی یوم پیدائش کے موقع پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب میں شرکت کرنے والے خاص مہمانوں میں شامل رہیں راہ ادب فرانس کی بانی و صدر ممتاز ملک، آرگنائزر راہ ادب فرانس ناصرہ خان، اسسٹنٹ نائب صدر راہ ادب فرانس آسیہ ایوب خان، آپ اخبار کی نمائندہ سائرہ کرن، سماجی شخصیت فردوس صاحبہ نے خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ دوسرے دوستوں نے بھی علامہ اقبال رحمت اللہ علیہ کو خراج تحسین پیش کیا ۔ پروگرام کا آغاز محترمہ آسیہ ایوب خان صاحبہ کی تلاوت قران حکیم سے ہوا۔ جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کرنے کی سعادت محترمہ فردوس صاحبہ نے حاصل کی ۔ محترمہ ناصرہ خان صاحبہ نے علامہ اقبال کی ذات اور ان کی خدمات پر روشنی ڈالی ۔ جبکہ سائرہ کرن صاحبہ نے علامہ اقبال کے اشعار پیش کر کے داد سمیٹی۔ محترمہ ممتاز ملک صاحبہ نے علامہ اقبال کے خودداری کے جذبے کو بیدار کرنے کی غرض سے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی قوم کے لئے خودداری اور غیرت وہ جذبے ہیں جن کی بدولت وہ دنیا میں نام، مقام اور عزت حاصل کرتے ہیں جبکہ پاکستانی کمیونٹی نے خصوصا فرانس میں جس طرح سے لنگر بازوں کے ہاتھ لگ کر سیاسی اور مذہبی طور پر خود کو نوالوں کے عوض بیچا ہے ۔ جہاں شروع سے آخر تک دھیان صرف اور صرف کھانے پینے میں ہوتا ہے کہ کب کھانا ہے ، کتنے بجے کھانا ہے، اور کب کھا کر نکلنا ہے، ان پروگراموں کے مقصد کو 100 فیصد غارت کر دیا ہے ۔ راہ ادب فرانس نے سال 2026ء سے اس اصول پر کام شروع کیا کہ ہم اقبال کی خودداری کے پیغام کو آگے لے کر چلیں گے اور ایسے سبھی پروگرام جن کے لیئے کسی قسم کی کوئی فنڈنگ، کسی قسم کی کوئی سرپرستی، حاصل نہیں ہے وہ پروگرام خالص سیلف پیمنٹ اور خود اپنے کھانے کے پیسے خود ادا کرنے کا ہم آغاز کریں گے۔ تاکہ ہمیں اس بات کا احساس رہے کہ ہم جس پروگرام میں جا رہے ہیں اس کا مقصد کیا ہے اور جب اپنی جیب سے اس پروگرام میں اپنے کھانے پر پیسے خرچ کر کے آتے ہیں تو ہمیں یہ یاد رہتا ہے کہ ہم اتنے بھی گئے گزرے نہیں ہیں کہ جہاں پر کروڑوں روپے کی جائیدادیں بنانے کے قصے ایک دوسرے کو سناتے ہیں ، کروڑوں روپے کے زیورات اکٹھے کر کے بیٹھے ہیں لیکن خود اپنے کھانے کے اوپر اگر ہم 10 ، 15 یورو بھی خرچ نہیں کر سکتے تو اس کے زیادہ شرم کا مقام اور ہمارے لیے کوئی نہیں ہوگا۔
اس بات کو سبھی دوستوں نے نہ صرف سراہا بلکہ اس کی تائید کی اور یوں ایک خوبصورت سیلف پیمنٹ کے حساب حوالے سے ، خودداری کے حوالے سے ایک خوبصورت روایت کو آگے لے کر چلتے ہوئے اس پروگرام کا آغاز اور اختتام ہوا ۔پرتکلف عشائیے کے بعد دوستوں نے ایک دوسرے کے ساتھ گپ شپ لگاتے ہوئے ایک دوسرے کو خدا حافظ کہا۔ اور آئندہ کے لیئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

خاص خبریں