الحاج چوہدری محمد اسلم کی میزبانی میں صحار میں قومی تقریب، سفیر پاکستان سید نوید صفدر بخاری مہمان خصوصی تھے

صحار : گزشتہ دنوں عمان کے شہر صحار میں پاکستان کے یوم آزادی، یوم دفاع اور قائد اعظم کی برسی کی مناسبت سے، یہاں نصف صدی سے مقیم، بھکر کے سرکردہ بزنسمین، صنعتکار اور سماجی و سیاسی رہنما الحاج چوہدری محمد اسلم نے صحار اور اس کے نواح کے پاکستانیوں کی جانب سے ایک شاندار عوامی تقریب اور عشائیے کا اہتمام کیا، جس میں لوگوں نے بھرپور شرکت کی۔ عمان میں سفیر پاکستان سید نوید صفدر بخاری مہمان خصوصی جبکہ عمان پاکستان فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے بانی و صدر شیخ سید فیاض علی شاہ اور کچھ دیگر عمانی معززین مہمانان اعزاز تھے۔ پاکستانی سفارتی افسران بلال حسن، سلمان طارق اور حافظ عبدالمنان بیگ بھی تقریب میں موجود تھے۔ معروف بزنسمین چوہدری محمد شہزاد اسلم مہمانوں کے استقبال میں پیش پیش تھے۔ پاکستان سکول صحار کے بچوں اور بچیوں کے خوبصورت ٹیبلوز کے بعد میزبان، الکرم پیپر ملز کے چیئرمین اور پاکستان سکول صحار کے بانی الحاج چوہدری محمد اسلم نے تقریب کے حوالے سے تقریر کی اور قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے عمان کے سازگار کاروباری ماحول اور اہل عمان کے دوستانہ رویے کی تعریف کی اور سفیرِ پاکستان سید نوید صفدر بخاری کی فرض شناسی، عوام دوستی نیز پاکستانی کمیونٹی کے اتحاد، پاکستان سوشل کلب عمان کی بحالی، پاکستان سکولز سسٹم عمان کی بہتری اور پاک – عمان دوستانہ و تجارتی تعلقات کے فروغ کے لئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاک – عمان اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لئے دونوں برادر ملکوں کے درمیان تجارتی وفود کے دوطرفہ دورے بھی مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔ تقریب میں چوہدری محمد احسان الحق، میاں محمد ریاض، انجینیئر رضا بن جمعہ الصالح اور انجینیئر سعید بن علی العبری نے بھی پاک – عمان اقتصادی مراسم کے استحکام پر اظہار خیال کیا۔ سفیر پاکستان سید نوید صفدر بخاری نے خطاب میں ممتاز عمانی حکومتی و کاروباری شخصیات کی تقریب میں نمایاں موجودگی کو پاک – عمان دوستی کی روشن علامت قرار دیا۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون، وزارتی سطح کے اجلاسوں اور اعلیٰ سطحی تجارتی وفود کے تبادلوں کا تذکرہ بھی کیا۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ قائداعظم کے پیغام ایمان، اتحاد، تنظیم کی عملی پیروی قومی مسائل سلجھا سکتی ہے۔ انہوں نے عمان میں پاکستانی کمیونٹی کی حب الوطنی، توانائیوں اور دو برسوں سے تعمیری سمت میں جاری سرگرمیوں کی ستائش کی۔ کیک کٹنگ کے بعد الحاج چوہدری محمد اسلم نےصحار اور اس کے اطراف کے ہموطنوں کی جانب سے سفیر پاکستان اور کچھ دیگر معتبر شخصیات کو اعزازی شیلڈیں پیش کیں، جبکہ انہیں بھی قومی خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔ انہوں نے انتظامی معاونت پر پاکستان سکول صحار، میاں محمد ریاض، ناصر بزدار، ندیم اقبال، محمد ندیم، چوہدری قمر تبسم، چوہدری حسن، اکبر خان، سید زیب حسن اور عامر حمزہ کا شکریہ ادا کیا۔ اختتام پرتکلف عشائیے سے ہوا۔