نیویارک: پاکستان بزنس فورم یورپ کے چیئرمین سردار ظہور اقبال کی وزیراعظم شہباز شریف سے خصوصی ملاقات

پیرس : وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لئے نیویارک پہنچے تو اوورسیز پاکستانی اہم شخصیات بھی نیویارک پہنچ گئیں ، پاکستان بزنس فورم یورپ کے چیئرمین سردار ظہور اقبال خصوصی دعوت پر نیویارک پہنچے ، نیویارک میں پاکستانی بزنس کمیونٹی سے وزیراعظم کی ملاقات کے موقع پر سردار ظہور اقبال نے وزیراعظم کا استقبال کیا اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ ملاقات میں پاکستان کی معاشی صورتحال، سرمایہ کاری، برآمدات کے فروغ اور اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستانی نژاد کاروباری شخصیات کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ اور دنیا بھر میں پاکستان کے سفیر ہیں۔ حکومت سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔
اس موقع پر سردار ظہور اقبال چئیرمین پاکستان بزنس فورم یورپ نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل وزیراعظم کے گوش گزار کئے ، وزیراعظم نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ، سردار ظہور نے اوورسیز پاکستانی کاروباری برادری اور پاکستان کے درمیان معاشی روابط مزید مضبوط بنانے اور سرمایہ کاری کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد بھی دی گئی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا، پاکستان بزنس فورم جرمنی کے صدر چوہدری ناصر بھی اس دورہ میں سردار ظہور اقبال کے ساتھ تھے ، سردار ظہور اقبال کی معیت میں بزنس فورم کے دوستوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اورممتاز مسلم لیگی شاہین بٹ کی طرف سے ان کی رہائش گاہ پر وزیراعظم کے اعزاز میں پرتکلف ضیافت میں بھی شرکت کی۔
چیئرمین یورپ سردار ظہور اقبال نے پاکستان کے نئے سیکریٹری خارجہ عاصم افتخار کی دعوت پر نیویارک میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کی اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کے فروغ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔