لوزرن : سوئٹزرلینڈ کے شہر لوزرن میں پاکستان تحریکِ انصاف کے متحرک رکن شکیل احمد کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کے مطالبے کے لیے احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کیا گیا، جس میں پی ٹی آئی کے کارکنوں اور پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔احتجاج کے دوران شرکاء نے عمران خان کی رہائی کے حق میں نعرے لگائے، جبکہ مقررین نے پاکستان کی موجودہ سیاسی اور انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔مقررین نے بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ عمران خان کی حراست، ان کے بنیادی حقوق اور علاج معالجے سے متعلق معاملات کا نوٹس لیں اور اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔مقررین نے الزام عائد کیا کہ پاکستان میں سیاسی کارکنوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں اور عمران خان کو غیر قانونی طور پر قید رکھا گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور ان کے بنیادی، قانونی اور انسانی حقوق کو یقینی بنایا جائے۔احتجاج کے شرکاء نے عمران خان کو طبی سہولیات کی فراہمی کے معاملے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی احکامات پر مکمل عمل درآمد ہونا چاہیے اور انہیں مناسب علاج معالجے تک رسائی فراہم کی جانی چاہیے۔مظاہرین نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال پر توجہ دیں اور عمران خان سمیت تمام زیرِ حراست افراد کے بنیادی اور قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔احتجاج کے اختتام پر شرکاء نے کہا کہ وہ آئین، قانون کی بالادستی، بنیادی انسانی حقوق اور عمران خان کی رہائی کے لیے اپنی آواز پُرامن طریقے سے بلند کرتے رہیں گے۔