جامع مسجد گلزار حبیب برمنگھم میں پانچواں سالانہ عظیم الشان جلسہ میلاد النبیﷺ کا اہتمام، علماء کرام و عاشقان رسول کی شرکت

برمنگھم: پانچواں سالانہ عظیم الشان جلسہ میلاد النبی ﷺ مرکزی جامع مسجد گلزار حبیب برمنگھم میں انعقاد پذیر ہوا ۔ جس کی نقابت مولانا حافظ محمد بشیر مجددی نے کی جبکہ میزبانی کے فرائض علامہ قاضی ساجد ظفر نے سرانجام دیے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد منیر الازہری، علامہ مفتی ضمیر احمد ساجد، مفتی محمد طیب عثمان صدیقی، چوہدری محمد شکیل اور دیگر نے خطابات کرتے ہوئے سیرت و صورت اور اوصاف و کمالات مصطفیٰ ﷺ خوبصورت پہرا ئے میں بیان کیے ۔ ان کا کہنا تھا کہ میلاد مظطفیﷺ کی محافل میں قرآن و حدیث اور رسول اللہ ﷺ کی زندگی کے مختلف پہلووں کو جاننے اور سیکھنے کا موقع ملتا ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا و آخرت کی کامیابی کے لیے اتباع رسول ﷺ معیار ہے ۔ اس موقع پر نامور ثناء خواں سید اکرام اکبر شاہ بخاری, صاحبزادہ قاری تنویر الحسن قادری ، صوفی مبشر طارق اور دیگر نے خوبصورت انداز میں بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں اپنی اپنی حاضری پیش کی ۔ جید علماء و مشائخ نے علامہ قاضی ساجد ظفر کو عالمی امن کے لیے کام کرنے والی معروف یورپین تنظیم یونیورسل پیس فیڈریشن کی جانب سے سفیر امن کا ایوارڈ ملنے پر دلی مبارکباد دی ۔ اس موقع پر نامور مبلغ اسلام علامہ سید ظفر اللہ شاہ ، مولانا محمد حنیف حسنی، علامہ واجد محمود، شیخ عمر حیات قادری، صاحبزادہ جنید اختر جے پی اور دیگر نے خصوصی شرکت کی اس روحانی و مذہبی جلسہ میلاد کے اختتام پر پیر طیب الرحمن قادری نے امت مسلمہ کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔