لندن : لندن میں پاکستان پریس کلب لندن کے زیرِ اہتمام سینئر صحافی شوکت ڈار مرحوم کی یاد میں ایک باوقار تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں صحافتی، سیاسی، سماجی اور کمیونٹی کی اہم شخصیات سمیت پاکستان پریس کلب لندن کے اراکین نے شرکت کی۔ تقریب میں مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی اور خصوصی دعا کا بھی اہتمام کیا گیا۔تعزیتی ریفرنس کی میزبانی بیرسٹر گل نواز نے کی، جبکہ مرحوم شوکت ڈار کے صاحبزادے اسد ڈار بھی اپنے والد کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس میں شریک ہوئے۔تقریب میں رانا محمد ارشد، رکن صوبائی اسمبلی پنجاب و چیف وہپ پنجاب اسمبلی، سید کوثر کاظمی، ترجمانِ وزیراعلیٰ پنجاب، ڈاکٹر محمد امجد ثاقب، بانی و چیئرمین اخوت فاؤنڈیشن، اور علی نواز ملک، پریس منسٹر پاکستان ہائی کمیشن لندن، نے خصوصی شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت قاری محمود الحسن نے حاصل کی، جبکہ سینئر نائب صدر پاکستان پریس کلب لندن محمد سلیم صابری نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی۔ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض میاں فرخ شمسی اور زین العابدین نے انجام دیے۔اس موقع پر صدر پاکستان پریس کلب لندن چوہدری تبریز عورہ، سرپرستِ اعلیٰ افضل چوہدری، چیئرمین ناصر اقبال، میڈم سائرہ خان، میڈم فریعہ سوری، محمد رفیق مغل، فرید قریشی,راجہ نقیب اور دیگر مقررین نے سینئر صحافی شوکت ڈار مرحوم کی صحافتی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔مقررین نے کہا کہ شوکت ڈار مرحوم نے صحافت کے شعبے میں اپنی پیشہ ورانہ وابستگی، خدمات اور اصول پسندی کے ذریعے ایک نمایاں مقام بنایا۔ ان کی صحافتی خدمات اور شعبۂ صحافت کے لیے ان کی کاوشوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔پاکستان پریس کلب لندن کی ٹیم نے تعزیتی ریفرنس کے انعقاد اور انتظامات میں اہم کردار ادا کیا۔ تقریب میں مرحوم کی صحافتی زندگی، خدمات اور شخصیت کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا گیا۔تقریب کے اختتام پر مرحوم شوکت ڈار کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔اللہ تعالیٰ شوکت ڈار مرحوم کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہلِ خانہ و پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔