Thu, September 17, 2026 2:30 pm

ایشین گیمز 2026: بھارتی گھڑ سواروں کو گھوڑوں کا خرچ خود اٹھانے کی ہدایت

ایشین گیمز 2026 کی تیاریوں میں مصروف بھارتی گھڑ سواری کے کھلاڑیوں کو مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق گھڑ سواروں کو اپنے گھوڑوں کے چارے، بستر اور دیگر ضروری سامان کے اخراجات فی الحال خود برداشت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق انڈین اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے) کی جانب سے قائم کردہ ایڈہاک کمیٹی نے حکومتی فنڈز کی کمی کو اس فیصلے کی وجہ قرار دیا ہے۔کمیٹی کے رکن اور بھارتی گھڑ سواری دستے کے ٹیم لیڈر لیفٹیننٹ کرنل سندیپ دیوان کی جانب سے بھیجے گئے ای میل میں بتایا گیا کہ قومی فیڈریشن کو فراہم کیے گئے فنڈز گھوڑوں کی منتقلی کے اخراجات پورے کرنے کے لیے بھی ناکافی ہیں۔کھلاڑیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ جاپان میں گھوڑوں کے چارے اور اصطبل کی ضروریات خریدیں اور بعد میں رقم کی واپسی کے لیے دعویٰ جمع کرائیں۔جرمنی میں لازمی قرنطینہ کے دوران خوراک، سفر، رہائش اور دیگر اخراجات بھی بعض سواروں نے ذاتی طور پر ادا کیے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ٹیسٹس، گھوڑوں کی منتقلی اور کھلاڑیوں و گرومز کی رہائش کے کئی اخراجات کی ادائیگیاں بھی تاحال زیر التوا ہیں۔ایشین گیمز 2026 جاپان کے شہر ایچی-ناگویا میں ہوں گے جس کی افتتاحی تقریب 19 ستمبر کو ہوگی۔