پیراگوئے کو ترکی کے خلاف میچ میں فتح دلوانے والے مڈفیلڈر میٹیاس گالارزا پر ریفری کی گھڑی چوری کرنے کا الزام لگ گیا۔تفصیلات کے مطابق میٹیاس گالارزا نے جہاں اپنی ٹیم کو کمابی دلائی، وہیں وہ ایک عجیب و دلچسپ حرکت کے باعث بھی سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئے۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے پہلے ہاف کے اختتام سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی اور دھکم پیل شروع ہوگئی جسے روکنے کی کوشش میں ریفری ایوان بارٹن کی کلائی سے گھڑی گر گئی۔اسی دوران 24 سالہ گالارزا کی نظر گھڑی پر پڑی اور انہوں نے اسے اٹھا کر فوری طور پر ریفری کو واپس دینے کے بجائے اپنی کلائی پر باندھ لیا۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ چند لمحوں تک گھڑی کے بٹن بھی چیک کرتے رہے جبکہ ریفری اس تمام صورتحال سے بے خبر رہے۔بعد ازاں جب ہنگامہ ختم ہوا تو گالارزا نے گھڑی واپس کردی، تاہم سوشل میڈیا صارفین ان پر گھڑی چوری کرنے کا الزام عائد کرنے لگے۔