خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی مداری خلا باز محمد ذیشان علی کون ہیں؟ جانیں

پاکستانی فضائیہ کے 40 سالہ گروپ کیپٹن محمد ذیشان علی چین کے خلائی مشن ’شین ژو 24‘ کا حصہ بن کر زمین کے مدار میں جانے والے پہلے پاکستانی خلا باز بننے جا رہے ہیں۔انہیں چین کے انسان بردار خلائی پروگرام میں شامل ہونے والے پہلے غیر ملکی خلا باز کا اعزاز بھی حاصل ہو گا۔
محمد ذیشان علی کون ہیں؟
محمد ذیشان علی پاکستان فضائیہ کے فوجی پائلٹ ہیں۔ اپریل 2026 میں سپارکو اور چین کے خلائی ادارے کے اشتراک سے انہیں خرم داؤد کے ہمراہ خلائی تربیت کیلئے منتخب کیا گیا تھا۔انہوں نے چین میں سات ماہ کی خصوصی تربیت حاصل کی جس میں خلائی جہاز کے آپریشنز، سائنسی تحقیق، ہنگامی حالات سے نمٹنے اور جسمانی استعداد بڑھانے کی تربیت شامل تھی۔ذیشان علی کے مطابق تربیت کے دوران چینی زبان سیکھنا ان کیلئے سب سے بڑا چیلنج تھا۔
خلائی مشن میں کیا ذمہ داریاں ہوں گی؟
محمد ذیشان علی چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر تقریباً ایک ہفتہ گزاریں گے جہاں وہ سائنسی تحقیق اور تجربات انجام دیں گے۔اس مشن کیلئے پاکستان سے موصول ہونے والی 300 سے زائد تحقیقی تجاویز میں سے چار منصوبے منتخب کیے گئے ہیں۔
پاکستان کیلئے یہ مشن کیوں اہم ہے؟
نمیرہ سلیم 2023 میں خلا کا سفر کرنے والی پہلی پاکستانی تھیں، تاہم ذیشان علی زمین کے مدار میں داخل ہونے اور خلائی اسٹیشن تک پہنچنے والے پہلے پاکستانی ہوں گے۔ذیشان علی کا کہنا ہے کہ وہ صرف اپنے لیے نہیں بلکہ 25 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں لے کر خلا میں جا رہے ہیں۔