گلگت بلتستان الیکشن کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں، جہاں ضلع دیامر کے 174 پولنگ اسٹیشنز میں سے 119 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ضلع دیامر کے 4 انتخابی حلقوں میں کل ووٹرز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 58 ہزار 714 ہے، جن میں رجسٹرڈ مرد ووٹرز کی تعداد 81 ہزار 655 جب کہ خواتین ووٹرز کی تعداد 77 ہزار 059 ہے۔اسی طرح ضلع دیامر کے چاروں حلقوں میں مجموعی طور پر 174 پولنگ اسٹیشنز اور 380 پولنگ بوتھ قائم کر دیے گئے ہیں، جہاں 174 پولنگ اسٹیشنز میں سے 119 انتہائی حساس، 22 حساس اور 33 نارمل قرار دیے گئے ہیں۔حلقہ جی بی اے 15 دیامر 1 (چلاس) میں کل ووٹرز کی تعداد 44 ہزار 526 ہے۔ حلقہ جی بی اے 15 میں 52 پولنگ اسٹیشنز قائم ہیں، جن میں سے 22 انتہائی حساس، 12 حساس اور 18 نارمل قرار دیے گئے ہیں۔حلقہ جی بی اے 16 دیامر 2 (چلاس) میں سب سے زیادہ 46 ہزار 282 ووٹرز حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ حلقہ جی بی اے 16 میں کل 44 پولنگ اسٹیشنز قائم ہیں، جن میں سے 19 انتہائی حساس اور 10 حساس قرار ہیں۔حلقہ جی بی اے 17 دیامر 3 (داریل) کے تمام 46 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ حلقہ جی بی اے 17 داریل میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 41 ہزار 045 ہے۔حلقہ جی بی اے 18 دیامر 4 (تانگیر) کے بھی تمام 32 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔ حلقہ جی بی اے 18 تانگیر میں ووٹرز کی کل تعداد 26 ہزار 861 ہے۔واضح رہے کہ گلگت بلتستان الیکشن کل منعقد ہوں گے۔ا س سلسلے میں الیکشن کمیشن نے انتخابی مہم پر پابندی عائد کر دی ہے جب کہ انتخابات کی سیکیورٹی کے لیے پنجاب پولیس کے 5 ہزار جوانوں کا عملہ گلگت بلتستان پہنچ گیا ہے۔