جدہ:سابق ایم این اے چودھری عابد رضا کوٹلہ کے اعزاز میں تقریب

جدہ (نمائندہ خصوصی) سعودی عرب کے شہر جدہ میں گجرات سے تعلق رکھنے والے سابق رکن قومی اسمبلی حلقہ این اے 171 اور 107 چودھری عابد رضا کوٹلہ کے اعزاز میں ایک پُرتکلف تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی چودھری عابد رضا تھے جبکہ میزبانی کے فرائض جدہ کی معروف کاروباری شخصیات ملک ولید بہادر اور چودھری بلو شیر ورائچ نے انجام دیے۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی، سماجی و سیاسی شخصیات اور صحافی برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کا آغاز احمد فواد سواتی کی تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا۔ میزبان چودھری بلو شیر ورائچ نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے مہمانِ خصوصی کا تعارف پیش کیا اور حلقہ انتخاب کے لیے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے چودھری عابد رضا کو عمرہ کی سعادت اور مسجدِ نبوی ﷺ کی زیارت پر مبارکباد بھی دی۔اس موقع پر چودھری ملک امجد اعوان، سید مسرت خلیل اور جمیل راٹھور نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے امید ظاہر کی کہ چودھری عابد رضا مستقبل میں بھی اپنے حلقے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مزید تندہی سے کام کرتے رہیں گے۔ جمیل راٹھور نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے باقاعدہ پینشن اسکیم متعارف کرائی جائے۔مہمانِ خصوصی چودھری عابد رضا کوٹلہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ آپ لوگوں نے مجھے جو عزت دی ہے اللہ تعالیٰ اس عزت و محبت کے رشتے کو ہمیشہ قائم رکھے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی خوش نصیب ہیں جو محنت بھی کر رہے ہیں اور حرمین شریفین کے قریب رہ کر دینی و دنیاوی برکتیں سمیٹ رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اصل مسئلہ عوامی ووٹ کی بے توقیری ہے جو ملک کے کروڑوں عوام کی توہین کے مترادف ہے۔چودھری عابد رضا نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کو صرف لیڈر نہیں بلکہ عوام درست کرتے ہیں، اس لیے ہم سب کو مل کر پاکستان کے نظام کی بہتری کے لیے جدوجہد کرنی چاہیے۔ آخر میں انہوں نے ملک منظور اعوان سمیت تمام میزبانوں، معزز مہمانوں اور اپنے عرب دوستوں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں اسٹیج سیکریٹری کے فرائض زوہیب ملک نے انجام دیے جبکہ چودھری بلو شیر، چودھری بشارت، چودھری جمشید، عبدالشكور، چودھری سمیع کھٹانہ، ملک حامد، چودھری رفیق ،چودھری ساجد،چودھری سنی کھٹانہ ،امیر نوری، سردار محبوب اور دیگر معزز شخصیات بھی شریک تھیں۔ آخر میں ملک ولید بہادر نے تقریب میں شرکت کرنے والے تمام معزز مہمانوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔