مارک زکربرگ اور اہلیہ نے آئرلینڈ میں 440 ایکڑ پر مشتمل تاریخی قلعہ خرید لیا

میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ اور ان کی اہلیہ پرسکیلا چان نے آئرلینڈ میں ایک تاریخی قلعہ خرید کر اپنے جائیدادوں کے پورٹ فولیو میں ایک اور بڑا اضافہ کرلیا ہے۔ تقریباً 440 ایکڑ رقبے پر پھیلی اس وسیع جائیداد کی خریداری کا معاہدہ 5 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے لگ بھگ بتایا جارہا ہے۔یہ تاریخی عمارت آئرلینڈ کے جنوب مشرقی علاقے کاؤنٹی واٹرفورڈ میں واقع ’اسٹرانکلی کیسل‘ ہے، جو دریائے بلیک واٹر کے کنارے قائم ہے۔ انیسویں صدی میں تعمیر ہونے والی یہ گوتھک ریوائیول طرز کی حویلی میٹا کے یورپی ہیڈکوارٹر، جو ڈبلن میں واقع ہے، سے تقریباً 200 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔مارک زکربرگ کے ترجمان کے مطابق ان کا خاندان اس تاریخی رہائش گاہ کی دیکھ بھال کا سلسلہ جاری رکھنے اور آئرلینڈ میں وقت گزارنے کے لیے پُرجوش ہے۔’دی آئرش ٹائمز‘ کی رپورٹ کے مطابق زکربرگ اور ان کی اہلیہ نے مرکزی رہائشی عمارت اور اس کے ساتھ ایک ایکڑ تک زمین کے لیے 5 کروڑ 11 لاکھ 70 ہزار یورو، یعنی تقریباً 5 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ادا کیے۔ جائیداد کی یہ خریداری 17 اگست 2026 کو آئرلینڈ کے پراپرٹی پرائس رجسٹر میں درج کی گئی تھی۔ تاہم پوری 440 ایکڑ اراضی اس رجسٹرڈ معاہدے میں شامل نہیں، اس لیے مکمل اسٹیٹ کی خریداری پر آنے والی مجموعی لاگت اس سے زیادہ ہونے کا امکان ہے۔اسٹرانکلی کیسل کی تعمیر تقریباً 1830 میں ہوئی تھی۔ اسے اس وقت کے رکن پارلیمنٹ جان کیلی کے لیے تعمیر کیا گیا، جبکہ اس کا نقشہ آرکیٹیکٹس جیمز اور جارج رچرڈ پین نے تیار کیا تھا۔ تین منزلہ یہ عمارت تقریباً 16 ہزار مربع فٹ رقبے پر محیط ہے اور دریائے بلیک واٹر کا خوبصورت منظر پیش کرتی ہے۔اس وسیع اسٹیٹ میں جنگلات، کھلی اراضی اور دریا کے کنارے ایک نجی جیٹی بھی موجود ہے۔ ’آئرش فارمرز جرنل‘ کے مطابق یہ تمام خصوصیات اس جائیداد کو کاؤنٹی واٹرفورڈ کی نمایاں تاریخی املاک میں شامل کرتی ہیں۔قلعے کی 2003 میں بڑے پیمانے پر تزئین و مرمت کی گئی تھی۔ اس سے قبل اس کے مالکان مائیکل اور جینکارلا ایلن بکلی نے بھی کئی برس تک اس تاریخی عمارت کی دیکھ بھال اور بحالی پر کام کیا۔