استعمال شدہ کافی کے بچے ہوئے ذرات بظاہر بے کار نظر آتے ہیں لیکن حقیقت میں یہ انتہائی قیمتی ثابت ہو سکتے ہیں۔ روزمرہ استعمال کے بعد کوڑے دان میں پھینک دیے جانے والے کافی کے ذرات سے قابلِ تجدید ایندھن اور مختلف مفید کیمیائی مادے تیار کیے جا سکتے ہیں۔اسپین کی یونیورسٹی روویرا آئی ورجیلی کے محققین نے ایک مؤثر طریقہ دریافت کیا ہے جس کے ذریعے استعمال شدہ کافی کے ذرات سے تیل حاصل کیا جا سکتا ہے جبکہ باقی ماندہ مواد کو دیگر صنعتی مقاصد کے لیے بھی قابلِ استعمال رکھا جا سکتا ہے۔تحقیق کے نتائج سائنسی جرنل بائیو ماس اینڈ بائیو انرجی میں شائع ہوئے ہیں جن میں استعمال شدہ کافی کے ذرات کی پوشیدہ افادیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ دنیا بھر میں ہر سال بڑی مقدار میں کافی کا فضلہ پیدا ہوتا ہے۔عالمی سطح پر کافی کی پیداوار سالانہ تقریباً ایک کروڑ میٹرک ٹن تک پہنچتی ہے۔ تاہم، کافی کے دانوں میں موجود مواد کا صرف ایک چھوٹا حصہ ہی مشروب کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے جبکہ باقی بڑی مقدار ٹھوس فضلے کی صورت میں پھینک دی جاتی ہے۔محققین کے مطابق استعمال شدہ کافی کے ان ذرات میں تقریباً 15 فی صد چکنائی (لِپِڈز) موجود ہوتی ہے جسے بائیو ڈیزل سمیت قابلِ تجدید ایندھن تیار کرنے کے لیے خام مال کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔یہ تحقیق مستقبل میں کافی کے فضلے کو کارآمد صنعتی وسائل میں تبدیل کرنے اور ماحول دوست توانائی کے حصول کے نئے امکانات پیدا کر سکتی ہے۔