الزائمرز کی علامات بیماری سے 10 سال پہلے ظاہر ہو سکتی ہیں: نئی تحقیق

الزائمر کی بیماری دماغ میں یادداشت متاثر ہونے سے تقریباً ایک دہائی پہلے ہی اپنے اثرات دکھانا شروع کر سکتی ہے۔ امریکا کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے محققین نے دماغ کے دو ایسے حصوں کی نشاندہی کی ہے جہاں بیماری کے ابتدائی آثار عام طور پر سامنے آنے سے پہلے ہی خرابی شروع ہو سکتی ہے۔تحقیق کے مطابق دماغ کے یہ حصے انٹورائنل کارٹیکس اور امیگڈالا ہیں جو یادداشت اور جذبات کو کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔محققین نے دریافت کیا کہ ان دونوں حصوں میں بافتوں کی کمی کا عمل دماغ کے اس حصے ہپوکیمپس سے پہلے شروع ہو سکتا ہے جسے عام طور پر الزائمر کی تشخیص کے لیے جانچا جاتا ہے۔سائنس دانوں نے سیکڑوں دماغی اسکینز کا جائزہ لینے کے بعد یہ نتائج اخذ کیے۔ ان کے مطابق دماغ کے ان حصوں میں ہونے والی ابتدائی تبدیلیاں الزائمر کی بیماری کے آغاز اور اس کی نشوونما کو سمجھنے میں اہم مدد فراہم کر سکتی ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اس دریافت سے مستقبل میں ڈاکٹروں کے لیے الزائمر کی بیماری کی تشخیص اس وقت ممکن ہو سکتی ہے جب مریض میں یادداشت کی خرابی یا دیگر واضح علامات ظاہر نہ ہوئی ہوں۔اگر اس تحقیق کے نتائج کی مزید تصدیق ہو جاتی ہے تو مستقبل میں بیماری کی ابتدائی شناخت ممکن ہو سکے گی اور علاج ایسے مرحلے پر شروع کیا جا سکے گا جب دماغ کو نقصان سے بچانے کے امکانات زیادہ ہوں۔یہ پیشرفت الزائمر کے خلاف بروقت تشخیص اور علاج کے نئے راستے کھولنے میں اہم ثابت ہو سکتی ہے۔