ایران کا نیا ’ہرُمز‘ میزائل تیار، ریڈار کو خود تلاش کرکے نشانہ بنائے گا، پاسدارانِ انقلاب کا دعویٰ

تہران: ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی فضائیہ کے کمانڈر کے مشیر بریگیڈیئر جنرل علی بلالی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی ماہرین نے ’ہرُمز‘ نامی میزائل تیار کیا ہے جو دشمن کے ریڈار سسٹم سے خارج ہونے والے سگنلز کی شناخت کرکے انہیں نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق علی بلالی نے بتایا کہ ایرانی ماہرین میدانِ جنگ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف اقسام کے میزائل تیار کر رہے ہیں۔ ان میں ہرُمز میزائل بھی شامل ہے، جسے دشمن کے ریڈار نظام کے خلاف استعمال کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔بریگیڈیئر جنرل علی بلالی کے مطابق یہ میزائل دشمن کے ریڈار سے خارج ہونے والی برقی مقناطیسی لہروں اور سگنلز کا پتا لگا کر ان کے منبع کی جانب رہنمائی حاصل کرسکتا ہے، جس سے ریڈار تنصیبات کو نشانہ بنانا ممکن ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایرانی ماہرین نے ایسی میزائل ٹیکنالوجی کی تیاری میں پیش رفت کی ہے جو ریڈار سسٹم کے سگنلز کو استعمال کرتے ہوئے اپنے ہدف کی شناخت اور نشانہ بندی کرسکتی ہے۔بلالی کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کی ٹیکنالوجی کی تیاری ظاہر کرتی ہے کہ ایران کی میزائل صنعت اب صرف پہلے سے موجود ہتھیاروں کی نقل تیار کرنے تک محدود نہیں رہی بلکہ میدانِ جنگ کی ضروریات کے مطابق نئے میزائل نظام ڈیزائن اور تیار کرنے کی صلاحیت بھی حاصل کرچکی ہے۔تاہم ہرُمز میزائل کی عملی کارکردگی، اس کی رینج اور دیگر تکنیکی خصوصیات سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں، جبکہ اس کی صلاحیتوں کی آزادانہ تصدیق بھی سامنے نہیں آئی۔

خاص خبریں