پاکستان پریس کلب پیرس کی ویمن ونگ کی صدر آصفہ ہاشمی کی میزبانی میں عید میلاد النبی ﷺ کی روح پرور محفل

پیرس: پاکستان تحریکِ انصاف کی سینئر رہنما اور یورپ ویمن ونگ کی صدر آصفہ ہاشمی کی میزبانی میں ان کی رہائش گاہ پر عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں ایک انتہائی پروقار، بابرکت اور روح پرور محفلِ نعت کا انعقاد کیا گیا، جس میں پیرس اور گردونواح سے تعلق رکھنے والی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات، صحافیوں، نعت خواں خواتین اور بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔تقریب کی صدارت ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت، پیپلز پارٹی ویمن ونگ یورپ کی صدر اور شریف اکیڈمی یورپ کی آرگنائزر روحی بانو نے کی، جبکہ مسز عالیہ خان تقریب کی مہمانِ خصوصی تھیں۔
محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد خواتین نے انتہائی عقیدت و محبت کے ساتھ بارگاہِ رسالتِ مآب ﷺ میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔ درود و سلام اور خوبصورت نعتیہ کلام سے محفل کا ماحول انتہائی روحانی، پُرنور اور ایمان افروز ہوگیا۔اس موقع پر ممتاز صحافی اور پی ٹی آئی ویمن سیکریٹری فرانس ناصرہ خان اور ممتاز صحافی شبانہ چودھری سمیت دیگر معزز خواتین نے شرکت کی اور محفل کی رونق میں اضافہ کیا۔محفل میں ممتاز نعت خواں شاہدہ امجد اور رانی کمل نے نہایت خوبصورت، پُرسوز اور عقیدت سے بھرپور نعتیہ کلام پیش کیا، جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا۔ ان کی دلنشین نعت خوانی نے محفل کو چار چاند لگا دیے اور شرکاء پر ایک خاص روحانی کیفیت طاری ہوگئی۔شاہدہ امجد نے بھی نہایت عقیدت کے ساتھ نعتیہ کلام پیش کیا، جبکہ ربانہ عارف نے خوبصورت نعتیں پیش کرنے کے علاوہ محفل کے اختتام پر خصوصی دعا بھی کروائی۔منور سلطانہ نے بھی نہایت خوبصورت انداز میں نعتیہ کلام پیش کیا، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔ اسی طرح شہلا رضوی ناصرہ خان سمعیہ بابری نے محفل کے انتظامات کی نگرانی اور دیکھ بھال میں بھرپور کردار ادا کیا۔ انہوں نے تمام انتظامات کو نہایت احسن اور خوش اسلوبی سے سنبھالا اور خود بھی نعتیہ کلام پیش کرکے محفل کی رونق میں اضافہ کیا۔محفل میں، آسما علی، منور سلطانہ، نےسمیت دیگر خواتین نے بھی نعتیہ کلام پیش کیا۔ تمام خواتین نے انتہائی عقیدت و محبت سے نعتیں پیش کیں، جس سے محفل کا روحانی حسن مزید دوبالا ہوگیا۔
تقریب کے دوران مقررین نے حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ، اسوۂ حسنہ اور تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ آپ ﷺ نے محبت، اخوت، رواداری، صبر، برداشت، عدل اور انسانیت کی خدمت کا جو درس دیا، وہ آج بھی ہمارے لیے بہترین رہنمائی کا ذریعہ ہے۔مقررین نے کہا کہ میلاد النبی ﷺ کی بابرکت محافل محبتِ رسول ﷺ کو دلوں میں مزید مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ معاشرے میں اتحاد، بھائی چارے، اخوت اور اسلامی اقدار کے فروغ کا ذریعہ بنتی ہیں۔
محفل کے اختتام پر نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ درود و سلام پیش کیا گیا، جبکہ پاکستان، امتِ مسلمہ اور پوری انسانیت کے لیے امن، سلامتی، خوشحالی، استحکام اور باہمی اتحاد کی خصوصی دعا کی گئی۔میزبان آصفہ ہاشمی نے تمام معزز مہمانوں اور شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ﷺ سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا لازمی حصہ ہے۔ ہمیں چاہیے کہ نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ اور تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں اور آپ ﷺ کے پیغامِ محبت، امن اور انسانیت کو عام کریں۔تقریب کے اختتام پر آصفہ ہاشمی کی جانب سے تمام شرکاء کے اعزاز میں پرتکلف عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا۔ مہمان خواتین نے میزبان کی جانب سے کیے گئے بہترین اور خوبصورت انتظامات کو سراہتے ہوئے محفل کو ایک یادگار، بابرکت اور روحانی اجتماع قرار دیا۔عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے منعقد ہونے والی یہ خوبصورت محفل محبتِ رسول ﷺ، عقیدت، روحانیت، اخوت اور اسلامی اقدار کا حسین امتزاج ثابت ہوئی، جس کی پُرنور یادیں تمام شرکاء اپنے دلوں میں بسائے اپنے گھروں کو روانہ ہوئے