برمنگھم : برمنگھم سٹی کونسل میں حریت رہنما یاسین ملک اور کشمیری اسیران کی رہائی کے حوالہ سے ایک اہم کشمیر کانفرنس کا انعقاد پذیر ہوئی ۔ جس کی میزبانی کے فرائض کونسلر راجہ شوکت علی خان اور صدر تحریک یورپ محمد غالب نے سرانجام دیے جبکہ اس موقع پر صدر تحریک کشمیر برطانیہ راجہ فہیم کیانی ، صدر پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیر مڈلینڈز چوہدری محمد شکیل ، ڈاکٹر صبور جاوید، ڈاکٹر خرم بشیر، مرزا فیصل محمود، نوید انجم باجوہ، سردار خان اور دیگر نے خطابات کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ برطانیہ اور یورپ بھارت پر زور دے کہ وہ بے گناہ قیدی سیاسی کشمیری قائدین سرفہرست یاسین ملک کے علاوہ شبیر شاہ ، آسیہ اندرابی، پروفیسر فکتو، ظفر اکبر بٹ، نعیم خان، ناہید صوفی اور دیگر کو فلفور رہا کرے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ یاسین ملک کے بھارتی اعلیٰ عدلیہ پر عدم اعتماد کے پیش نظر انکا کیس عالمی عدالت انصاف میں لیکر جا ئے تاکہ انصاف کے تقاضے پو رے کیے جاسکیں ۔ اس موقع پر انہوں نے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں ، قتل و غارت گری ، ناانصافی ، جبری گمشدگیوں ، کالے قوانین کے استعمال، خواتین کی عصمت دری ، گمنام قبروں اور بھارتی افواج کے دیگر جرائم کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ اس موقع پر برمنگھم کے نامور شاعر خواجہ محمد عارف، خواجہ محمد نثار، چوہدری محمد لطیف، راجہ واجد بشیر اور دیگر بھی موجود تھے۔