سٹاک ہوم: ولاء علی کے زیرِ اہتمام جشنِ عید میلاد النبیؐ و جشنِ صادقینؑ کی باوقار تقریب، نامور علماء اور ذاکرین کا ہدیۂ عقیدت

اسٹاک ہوم :سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں ولاء علی کے زیرِ اہتمام جشنِ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور جشنِ صادقین علیہ السلام کی ایک شاندار اور روح پرور تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ دیارِ غیر میں اسلام کے عالمگیر پیغامِ محبت، امن اور وحدت کو عام کرنے کے لیے منعقدہ اس باوقار محفل میں سویڈن بھر سے عاشقانِ رسولؐ اور ممتاز شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے ماحول کو نورانی بنا دیا۔
تقریب کے مرکزی مہمان پاکستان سے تشریف لائے ہوئے عالمی شہرت یافتہ خطیب و وکیلِ ولاء علی جناب قبلہ حامد رضا سلطانی آف لاہور تھے۔ انہوں نے اپنے تاریخی اور علمی خطاب میں سیرتِ النبیؐ، مقامِ رسالت اور حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے سائنسی و فکری انقلاب، عہدِ امامت اور بلند مرتبے پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ عصرِ حاضر کے درپیش مسائل اور چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے اسوۂ حسنہ کی پیروی اور امتِ مسلمہ کے درمیان اتحاد و یکجہتی کا قیام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ ان کے جامع اور فکر انگیز خطاب کو حاضرین نے بے حد سراہا اور دلی داد پیش کی۔
پروگرام کے دوران ناظمِ منبر زوار عنصر عباس سمیت سویڈن بھر سے آئے ہوئے نامور ذاکرینِ عظام—علی مہدی، ملک قیصر، دانیال رضا، سید محمد حسن کاظمی اور سید ضیغم عباس— نے بارگاہِ رسالت و اہل بیتؑ میں منظوم ہدیۂ عقیدت پیش کیا اور حاضرین کے دلوں کو عشقِ رسولؐ سے منور کیا۔
تقریب کے اختتام پر دنیا بھر میں دائمی امن کے قیام، امتِ مسلمہ کی یکجہتی، پاکستان کی معاشی ترقی و خوشحالی اور بالخصوص غریب و نادار طبقے کے درپیش مسائل کے حل کے لیے رقت انگیز دعائیں کی گئیں۔ بعد ازاں منتظمین کی جانب سے تمام شرکاء اور مہمانوں کی خدمت میں پرکلف لنگر و نیاز بھی پیش کی گئی۔