ویانا : آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں پاک فرینڈز آسٹریا کی جانب سے 14 اگست جشنِ آزادی و 6 ستمبر یومِ دفاع پاکستان اور شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کی فنڈ ریزنگ کی مناسبت سے ایک پروقار اور سالانہ میگا فیملی پروگرام 6 ستمبر، بروز اتوار ، 1 بجے 10 ڈسٹرکٹ ویانا کے مقامی ہال میں اہتمام کیا گیا۔ اس مشترکہ تقریب کا مقصد نئی نسل کو قیامِ پاکستان کی اہمیت سے روشناس کروانا اور وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے افواجِ پاکستان اور عوام کی لازوال قربانیوں کو یاد کرنا تھا۔اس تقریب کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان محمد کامران اختر, پاکستان کے مشہور و معروف اداکار، احد رضا میر اور شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کے مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر احسن ملک شامل تھے۔ جو کہ پاکستان سے خصوصی تشریف لائے تھے۔ اس تقریب میں سفارت خانہ پاکستان کے اسٹاف سمیت، اسلامی نظریاتی کونسل آسٹریا کے سابق صدور،آسٹرین، ترکی،عربی اور پاکستانی کمیونٹی کی مختلف تنظیموں اور آسٹریا بھر کے مختلف شہروں سے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور قومی ترانے سے کیا گیا، اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈاکٹر عبدالمنان نے بہترین انداز سے نبھاتے ہوئے تمام لوگوں کا ویلکم کیا۔ بعداذ بچوں کی جانب سے ملی نغموں اور تقریروں کی صورت میں خصوصی پرفارمنسز پیش کی گئی۔ اس موقع پر بچوں اور بڑوں کے لیے کوئز پروگرام کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں مختلف سوالات اور ان کے جوابات دینے والوں کو انعامات تقسیم کیے گئے۔اپنے خصوصی خطاب میں سفیر پاکستان محمد کامران اختر کا کہنا تھا کہ 14 اگست اور 6 ستمبر ہماری تاریخ کے دو ایسے اہم ترین دن ہیں جو ہمیں باہمی اتحاد، حب الوطنی اور قربانی کا درس دیتے ہیں۔ مزید مقررین کا کہنا تھا۔ کہ یوم دفاع پاکستان وہ دن ہے، جب پوری قوم پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کرتی ہے کہ وہ ہر لمحہ پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ شہداء اور ان کے لواحقین قوم کے ہیرو اور سرمایہ ہیں اور زندہ قومیں کبھی اپنے شہداء کو نہیں بھولتیں۔پروگرام کا دوسرا حصہ شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کی فنڈ ریزنگ کے سلسلے میں کیا گیا جس میں شوکت خانم کے مشن کی حمایت میں دل کھول کر عطیات پیش کیے گئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر احسن ملک نے شوکت خانم کی اب تک کی خدمات اور کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے لاہور اور پشاور کے ہسپتالوں کی کارکردگی کا جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے کراچی میں زیرِ تعمیر شوکت خانم کے تیسرے ہسپتال کے مختلف پہلوؤں، مریضوں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات، علاج کے نظام اور مستقبل میں اس منصوبے سے مستفید ہونے والے مریضوں کے حوالے سے بھی تفصیلی معلومات فراہم کیں۔مہمانِ خصوصی احد رضا میر نے اپنے خطاب میں شوکت خانم کے مشن کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ اس عظیم انسانی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنی استطاعت کے مطابق دل کھول کر عطیات دیں۔ انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ایک عظیم نیکی ہے اور اس کا حقیقی اجر اللہ تعالیٰ ہی عطا فرماتا ہے۔جن مقررین نے اس میں خطابات کیے ان میں سفیر پاکستان محمد کامران اختر،پاکستان کے مشہور و معروف اداکار، احد رضا میر، پاک فرینڈ آسٹریا کے صدر علامہ غلام مصطفی بلوچ اور شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کے مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر احسن ملک شامل تھے۔اخر میں پاک فرینڈ اسٹریا کے صدر علامہ غلام مصطفی بلوچ اورانتظامیہ نے تمام فیملیز کو اس قومی تقریب کا حصہ بننے اور اپنے بچوں میں ملی جذبہ بیدار کرنے کے لیے شرکت کی پرخلوص دعوت پر آنے کا شکریہ ادا کیا۔