Wed, September 16, 2026 12:42 pm

پاکستان پریس کلب برطانیہ کی سالانہ جنرل کونسل کا اہم اجلاس مسرت اقبال راجہ کی زیر صدارت کمیونٹی سنٹر برمنگھم میں منعقد

پاکستان پریس کلب برطانیہ کی سالانہ جنرل کونسل کا اہم اجلاس برمنگھم کے مقامی کمیونٹی سنٹر میں منعقد ہوا، جس کی صدارت مرکزی صدر پاکستان پریس کلب برطانیہ مسرت اقبال راجہ نے کی۔ اجلاس میں لندن، لیوٹن، برمنگھم، مانچسٹر اور بریڈفورڈ سمیت برطانیہ کے مختلف شہروں سے پریس کلب کے عہدیداران اور اراکین نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پاکستان پریس کلب برطانیہ کی گزشتہ ایک سالہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا جبکہ تنظیمی امور اور مستقبل کی منصوبہ بندی کے حوالے سے اراکین سے تجاویز بھی طلب کی گئیں۔ اجلاس کی نظامت کے فرائض جوائنٹ سیکرٹری ساجد عزیز نے سرانجام دیے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر مسرت اقبال راجہ نے کہا کہ 17 سال قبل مرحوم مبین چوہدری نے پاکستان پریس کلب برطانیہ کی صورت میں جو پودا لگایا تھا، وہ آج ایک تناور درخت بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب کے اراکین ایک خاندان کی مانند جمہوری اقدار، صحافتی اصولوں اور پیشہ وارانہ وقار کو فروغ دینے کے لیے متحد ہیں۔ اپنی ایک سالہ کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پریس کلب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ممبران کے باضابطہ پریس کارڈز کا اجراء کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان پریس کلب برطانیہ کے وفد کا قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے استقبال کیا گیا، جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے اپنے چیمبر میں خصوصی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اطلاعات نے پریس کلب کی خدمات اور اوورسیز پاکستانیوں کے لیے اس کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے سمندر پار پاکستانیوں کی حقیقی نمائندہ تنظیم قرار دیا۔ سینئر نائب صدر ارشد رچیال نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان پریس کلب برطانیہ اوورسیز صحافیوں کا ایک بڑا اور مؤثر پلیٹ فارم ہے جو صحافتی اصولوں اور اخلاقی اقدار کو مقدم رکھتے ہوئے آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے آزاد کشمیر کی موجودہ حساس صورتحال کے تناظر میں تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ دانشمندی، تحمل اور مکالمے کے ذریعے مسائل اور اختلافات کا حل تلاش کریں۔ اجلاس سے سابق صدر شیراز خان اور سابق میئر لیوٹن ریاض بٹ نے بھی خطاب کیا اور پریس کلب کی ایک سالہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے صدر مسرت اقبال راجہ اور ان کی ٹیم کو مثالی خدمات پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ مرکزی جنرل سیکرٹری ساجد یوسف نے پاکستان سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کی سال بھر کی سرگرمیوں اور کامیابیوں پر مشتمل تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ اس موقع پر بانی رکن سُپریم کونسل چوہدری اکرم عابد نے مرکزی الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد تنظیم کے نئے انتخابات جلد کرانے کا اعلان بھی کیا۔ اجلاس میں مرکزی نائب صدر اسرار احمد راجہ، سیکرٹری نشر و اشاعت ایس ایم عرفان طاہر، سیکرٹری مالیات سیدہ کوثر، ممبران مجلس عاملہ عمران راجہ، سرفراز احمد موسیٰ، عدیل خان، صدر مڈلینڈز راجہ ناصر محمود، صدر لیوٹن احتشام الحق قریشی، جنرل سیکرٹری مڈلینڈز عادل اعظم، جنرل سیکرٹری مانچسٹر ڈاکٹر اظہر راجہ، جنرل سیکرٹری یارکشائر حسن طاہر، سینئر نائب صدر مڈلینڈز ابرار احمد مغل، سیکرٹری اطلاعات مڈلینڈز معین احمد، فنانس سیکرٹری نائلہ عظمت، سید عابد کاظمی، نوشابہ یعقوب راجہ، آصف محمود براہٹلوی، راجہ واجد ملہوترا، عمران بشیر، اورنگزیب چوہدری، شہزاد اقبال مغل، شکیل احمد ڈار، عتیق الرحمن چوہدری، ذیشان قریشی، فہیم عظیم سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی اور تنظیم کی بہتری کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔ اجلاس کے اختتام پر پاکستان پریس کلب برطانیہ کے بانی مرحوم مبین چوہدری اور دیگر مرحومین کی بخشش و مغفرت اور بلندیٔ درجات کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پریس کلب برطانیہ صحافتی اقدار، اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندگی اور پاکستان کے مثبت تشخص کے فروغ کے لیے اپنی خدمات کا سلسلہ مزید مؤثر انداز میں جاری رکھے گا