سماجی رابطے کے پلیٹ فارم اسنیپ چیٹ نے کم عمر صارفین کی آن لائن رسائی کو مزید محدود کرنے کے لیے ایک اہم تبدیلی متعارف کرا دی ہے۔ اب 13 سے 15 سال کی عمر کے نوجوان صارفین اسپاٹ لائٹ کے عوامی ورژن پر ویڈیوز شیئر نہیں کر سکیں گے۔اسپاٹ لائٹ اسنیپ چیٹ کا شارٹ ویڈیو پلیٹ فارم ہے، جہاں اپ لوڈ کی گئی ویڈیوز ایپ استعمال کرنے والا کوئی بھی شخص دیکھ سکتا ہے۔ماضی میں 13 سال یا اس سے زیادہ عمر کے صارفین کو یہاں مواد پوسٹ کرنے کی اجازت تھی۔ تاہم، ان کی پروفائلز کو عوامی پوسٹس کے ساتھ منسلک نہیں کیا جاتا تھا۔ البتہ، نئی پالیسی کے تحت 13 سے 15 سال کے صارفین کا مواد اب عام اسپاٹ لائٹ فیڈ میں نظر نہیں آئے گا۔اس کے بجائے پلیٹ فارم ایک نیا ’پروفائل‘ فیچر متعارف کرا رہا ہے، جہاں کم عمر صارفین اپنی مختصر ویڈیوز صرف اپنے باہمی دوستوں کے ساتھ شیئر کر سکیں گے۔ یہی پروفائل ان کی اسٹوریز کا بھی مرکز ہوگا، جو غیر دوست صارفین سے مکمل طور پر پوشیدہ رہیں گی۔کمپنی کے مطابق اس تبدیلی کا مقصد نوجوانوں کو ایک محفوظ اور قابلِ اعتماد ماحول میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور خود اظہار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ’فیورٹس‘ جیسے عوامی میٹرکس ختم کرکے نوجوانوں پر سوشل دباؤ کو بھی کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔