سرپرست اعلی پاکستان بزنس فورم یورپ محمد ابراہیم ڈار کی مسلم لیگ رینما چوہدری تنویر اور سابق وفاقی وزیر محمد اعجاز الحق سے ملاقات

پاکستان بزنس فورم یورپ کے سرپرست اعلیٰ محمد ابراہیم ڈار نے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق سینیٹر چوہدری تنویر خان سے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری، معاشی استحکام اور مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر سینئر صحافی ظفر قاضی بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران ظفر قاضی نے محمد ابراہیم ڈار کی جانب سے پاکستان میں کی جانے والی سرمایہ کاری اور مستقبل کے مختلف منصوبوں کے حوالے سے سینیٹر چوہدری تنویر خان کو بریفنگ دی۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی معاشی و اقتصادی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر چوہدری تنویر خان نے سینئر صحافی ظفر قاضی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوّے کی دہائی سے ان کے ظفر قاضی کے ساتھ برادرانہ اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ کینٹ بورڈ راولپنڈی کے ممبر اور وائس پریزیڈنٹ منتخب ہوئے تو اسی دور سے ظفر قاضی کے ساتھ قریبی تعلقات قائم ہوئے جو آج بھی فیملی ممبر کی طرح برقرار ہیں۔
دریں اثنا، پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے برطانیہ اور فرانس سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں کے اعزاز میں مسلم لیگ ضیا کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر و رکن قومی اسمبلی محمد اعجاز الحق کی جانب سے پرتکلف عشائیہ بھی دیا گیا۔ عشائیے میں وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے خصوصی شرکت کی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی موجودہ معاشی و سرمایہ کاری پالیسیوں سے آگاہ کیا۔
تقریب میں پاکستان بزنس فورم یورپ کے سرپرست اعلیٰ محمد ابراہیم ڈار، طارق شریف بھٹی، سابق رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر محمد انوارالحق سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اور یورپی سرمایہ کار پاکستان کی معیشت کے استحکام اور ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔