سڈنی: علامہ اقبال اسٹڈی سرکل آسٹریلیا اور قونصلیٹ جنرل آف پاکستان سڈنی کے اشتراک سے شاعرِ مشرق، مفکرِ پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی زندگی، فلسفے، شاعری اور ادبی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے یومِ اقبال کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد مقررین نے علامہ اقبال کی فکری، فلسفیانہ اور ادبی خدمات کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
ایفام آسٹریلیا کے نائب صدر مسٹر اسید خلیل نے علامہ اقبال کی زندگی اور فلسفۂ حیات پر اظہارِ خیال کیا، جبکہ معروف شاعر اور دانشور ڈاکٹر شبیر حیدر نے اقبال کی ادبی خدمات اور علمی و فکری ورثے پر گفتگو کی۔
پاکستان آسٹریلیا ایسوسی ایشن کے صدر مسٹر اقبال چوہدری نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا، جبکہ مسٹر عفان شاہد نے علامہ اقبال کی شاعری اور فلسفے کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا۔
تقریب سے کلیدی خطاب علامہ اقبال اسٹڈی سرکل آسٹریلیا کے بانی، معروف مصنف، محقق اور دانشور طارق مرزا نے کیا۔ انہوں نے علامہ اقبال کے افکار کی آفاقی اہمیت، فلسفۂ خودی، نوجوان نسل کی فکری تربیت اور عصرِ حاضر میں اقبال کے پیغام کی معنویت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کا پیغام محض ایک عہد یا خطے تک محدود نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔
اس موقع پر قونصل جنرل پاکستان سڈنی مسٹر قمر زمان اور دیگر مقررین نے علامہ اقبال اسٹڈی سرکل آسٹریلیا کے بانی طارق مرزا کی علمی و ادبی خدمات، اقبال شناسی کے فروغ اور آسٹریلیا میں اقبال کے فلسفے اور پیغام کو متعارف کرانے کے لیے ان کی مسلسل کاوشوں اور جذبے کو سراہا۔ مقررین نے اس امر کو قابلِ تحسین قرار دیا کہ طارق مرزا اپنی ادبی اور فکری سرگرمیوں کے ذریعے نئی نسل کو اقبال کے افکار سے روشناس کرانے کے لیے سرگرمِ عمل ہیں۔اختتامی کلمات میں قونصل جنرل پاکستان سڈنی مسٹر قمر زمان نے علامہ اقبال کی عظیم فکری اور ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے نوجوان نسل اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی میں اقبال کے پیغام کو عام کرنے اور اس عظیم فکری ورثے کو محفوظ رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔تقریب کے اختتام پر مسٹر نظام الحق تھانوی نے اجتماعی دعا کروائی، جس کے بعد یومِ اقبال کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا اور شرکاء کی تواضع کی گئی۔یہ تقریب آسٹریلیا میں علامہ اقبال کے افکار، فلسفۂ خودی اور ان کے پیغام کو فروغ دینے کے سلسلے کی ایک اہم کڑی ثابت ہوئی۔