پاکستان قونصلیٹ جنرل دبئی میں یومِ سیاہ کشمیر منایا گیا، تقریب میں صدر و وزیر اعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے

دبئی : قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی میں یومِ سیاہ کشمیر منایا گیا، جس کا مقصد بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہارِیکجہتی تھا۔ اس موقع پر دبئی اور شمالی امارات میں مقیم پاکستانی اور کشمیری برادری کے افراد نے شرکت کی۔تقریب کے دوران صدرِ پاکستان، وزیراعظمِ پاکستان اور نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، جن میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر کشمیری عوام کی جاری جدوجہد اور مشکلات کو اجاگر کرنے والی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، جبکہ کشمیری عوام کی استقامت، قربانیوں اور حوصلے کی عکاسی کرنے والی تصاویر بھی نمائش کے لیے پیش کی گئیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد نے کشمیری عوام کی جرأت، استقامت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جاری جائز جدوجہد کی پاکستان کی جانب سے اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ جموں و کشمیر انسانی حقوق اور بین الاقوامی انصاف کا اہم معاملہ ہے، جس کا حل اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی اُمنگوں کے مطابق نکالا جانا چاہیے۔قونصل جنرل نے بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بھارت کے یکطرفہ اقدامات نے کشمیری عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور تنازعِ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔یومِ سیاہ کشمیر ہر سال 27 اکتوبر کو منایا جاتا ہے۔ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فوج جموں و کشمیر میں داخل ہوئی، جسے پاکستان اور کشمیری عوام غیر قانونی فوجی قبضے کے آغاز کے طور پر یاد کرتے ہیں۔ یہ دن تاریخ کا ایک سیاہ باب اور کشمیری عوام کے اس عزم کی علامت ہے کہ وہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں تسلیم شدہ حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔تقریب میں شریک کشمیری برادری کے نمائندوں نے حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی مسلسل حمایت اور یکجہتی پر اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

خاص خبریں