ویکسفورڈ :آئرلینڈ کے شہر ویکسفورڈ میں بچوں کی صحت اور امراضِ اطفال سے متعلق دسویں سالانہ ویکسفورڈ پیڈیاٹرک اسٹڈی ڈے کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ اس اہم قومی علمی و طبی پروگرام میں پورے آئرلینڈ سے 150 سے زائد ڈاکٹروں، ماہرینِ اطفال اور دیگر طبی عملے نے شرکت کی، جن میں متعدد شرکاء دور دراز علاقوں سے خصوصی طور پر اس پروگرام میں شریک ہونے کے لیے ویکسفورڈ پہنچے۔
یہ قومی سطح کا مطالعاتی دن گزشتہ دس برس سے فیری کیرگ ہوٹل، ویکسفورڈ میں باقاعدگی سے منعقد کیا جا رہا ہے اور اپنی علمی افادیت، بہترین موضوعات کے انتخاب اور بھرپور شرکت کے باعث ملک بھر میں ایک نمایاں اور معتبر پیڈیاٹرک تعلیمی پروگرام کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔
اس سال بھی پروگرام رائل کالج آف فزیشنز آف آئرلینڈ سے منظور شدہ تھا اور شرکاء کے لیے چھ سی پی ڈی پوائنٹس مختص کیے گئے تھے، جو ڈاکٹروں کی مسلسل پیشہ ورانہ تربیت اور ترقی کا اہم حصہ ہیں۔
پروگرام کے چیف آرگنائزر پروفیسر ڈاکٹر محمد اعظم، کنسلٹنٹ پیڈیاٹریشن اور سربراہ شعبہ اطفال، ویکسفورڈ جنرل ہسپتال نے معزز مہمانوں اور شرکاء کا خیرمقدم کیا۔ پروفیسر اعظم گزشتہ دس برس سے اس اسٹڈی ڈے کے انعقاد، تسلسل اور فروغ میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ پروگرام میں شریک مہمانوں اور مقررین نے اسٹڈی ڈے کے اعلیٰ معیار، بہترین انتظام، اہم اور بروقت موضوعات کے انتخاب اور اس کی مسلسل کامیابی پر پروفیسر اعظم اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو بھرپور انداز میں سراہا۔
اس سال بھی ایسے اہم، جدید اور عملی موضوعات کا انتخاب کیا گیا جو روزمرہ پیڈیاٹرک پریکٹس سے براہِ راست تعلق رکھتے ہیں۔ مختلف علمی سیشنز میں بچوں میں الرجی، نوجوانوں کی ذہنی و جسمانی صحت اور نوزائیدہ بچوں میں اہم طبی مسائل سمیت متعدد موضوعات پر ماہرین نے تفصیلی گفتگو کی۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد اعظم نے خود “Hot Topics in Paediatrics” کے عنوان سے خصوصی پریزنٹیشن پیش کی، جسے شرکاء کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی اور انتہائی مثبت فیڈبیک حاصل ہوا۔
ویکسفورڈ پیڈیاٹرک اسٹڈی ڈے اب صرف ایک علمی سرگرمی ہی نہیں بلکہ ایک اہم سماجی اور پیشہ ورانہ اجتماع بھی بن چکا ہے، جہاں ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے ڈاکٹرز اور ماہرین ایک دوسرے سے ملاقات کرتے، اپنے تجربات اور خیالات کا تبادلہ کرتے اور پیشہ ورانہ روابط کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔
اس سال فیکلٹی آف پیڈیاٹرکس، رائل کالج آف فزیشنز آف آئرلینڈ کے ڈین پروفیسر مائیکل اونیل نے خصوصی شرکت کی۔ ان کے علاوہ نیشنل کلینیکل لیڈ ڈاکٹر ہلری سٹوکس، ڈاکٹر کولن ہاکس اور دیگر سینئر ماہرین بھی پروگرام میں شریک ہوئے۔
کِلکینی سے ڈاکٹر وسیم اور ڈاکٹر اکرم گوندل نے اپنی ٹیم کے ہمراہ گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی بھرپور شرکت کی، جن کی مسلسل وابستگی اور تعاون ہر سال پروگرام کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد اعظم نے تمام شرکاء کے سامنے ان کی ٹیم کے اس دیرینہ تعاون اور بھرپور شرکت کا خصوصی طور پر ذکر کیا اور انہیں سراہا۔
پروگرام کے کامیاب انعقاد میں ڈاکٹر میبل والیس نے پروفیسر اعظم کے ساتھ بھرپور تعاون کیا، جبکہ شعبہ اطفال کے دیگر ساتھیوں، بالخصوص ڈاکٹر رائف ابوالحسن، ڈاکٹر جواد اور ڈاکٹر نعمان نعیم سمیت پوری ٹیم نے پروگرام کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر محمد اعظم کو دو خصوصی اعزازات سے نوازا گیا۔ ایک اعزاز ان کی قائدانہ صلاحیتوں کے اعتراف میں جبکہ دوسرا بچوں کی صحت اور ویکسفورڈ میں شعبہ اطفال کے لیے ان کی طویل اور مسلسل خدمات کے اعتراف میں پیش کیا گیا۔
دن بھر جاری رہنے والے پروگرام میں سوال و جواب کے سیشنز نے بھی خصوصی دلچسپی حاصل کی، جہاں شرکاء کو ماہرین سے براہِ راست تبادلہ خیال کا موقع ملا۔ شرکاء کے لیے چائے، کافی اور دوپہر کے کھانے کا بہترین انتظام کیا گیا جبکہ قرعہ اندازی کے ذریعے مختلف انعامات بھی تقسیم کیے گئے، جس سے پروگرام کا ماحول علمی ہونے کے ساتھ خوشگوار بھی رہا۔
پروگرام کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر محمد اعظم نے تمام مقررین، معزز مہمانوں اور پورے آئرلینڈ سے آنے والے شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بالخصوص پروفیسر مائیکل اونیل، ڈاکٹر ہلری سٹوکس اور ڈاکٹر کولن ہاکس کی شرکت کو سراہا، جبکہ اپنے کنسلٹنٹ ساتھیوں اور شعبہ اطفال کی پوری ٹیم کے تعاون پر خصوصی اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ویکسفورڈ پیڈیاٹرک اسٹڈی ڈے کا یہ کامیاب علمی اور پیشہ ورانہ سلسلہ آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔