آسٹریا کے شہر سالزبرگ میں مسجد بیت المعمور میں عید میلاد النبیﷺ کی عظیم الشان روح پرور محفل کا انعقاد

سالزبرگ: آسٹریا کے شہر سالزبرگ میں مسجد بیت المعمور میں عید میلاد النبیﷺ کی عظیم الشان روح پرور محفل بروز ہفتہ پانچ ستمبر بعد نماز عصر انعقاد پذیر ہوئی۔ اس موقع پر محفل کی نقابت رانا شوکت علی نے کی۔ محفل میں آسٹریا بھر کے چھوٹے بڑے شہروں سے نوجوانوں بزرگوں اور بچوں نے شرکت کی۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کرنے کی سعادت آسٹریا کے مختلف نعت خوانوں کو حاصل ہوئی۔ محفل میں مرحبا یا مصطفیٰ، آقا کی آمد مرحبا، حضور کی آمد مرحبا، مرحبا یا مصطفیٰ اور ﷺ کی آمد کے نعرے فضائوں میں گونجتے رہے۔ اس موقع پر خصوصی خطاب دعوت اسلامی آسٹریا کے نگران ارشد علی عطاری نے اخلاق مصطفیٰ ﷺ کے موضوع پر بیان کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺ کا اخلاق بہترین اور بے مثال تھا،حضور نبی پاک ﷺ نے دشمنوں کے ساتھ بھی ایسا حسن سلوک فرمایا کہ وہی دشمن بعد میں جان نثار صحابہ بن گئے، فتحِ مکہ کے موقع پر عام معافی، طائف میں ستائے جانے کے باوجود دعا دینا، غلاموں، یتیموں اور عام لوگوں سے شفقت و نرمی یہ سب وہ روشن مثالیں ہیں جو ہمارے لیے مشعل راہ ہیں. مزید ان کا کہنا تھا اس ماہ مبارک میں ہی حضور انور سرور کونین حضرت محمدﷺ کو دنیا کو اندھیروں سے نکالنے کیلئے بھیجا گیا۔ محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایمان کی شرط اولین ہے جس کی تکمیل ذکر مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بغیر ممکن نہیں۔ محفل کے اختتام پر تمام حاضرین نے ساتھ مل کر درودوسلام پیش کیا۔ خصوصی دعا دعوت اسلامی آسٹریا کے نگران ارشد علی عطاری نے امت مسلمہ، ملک پاکستان،فلسطین، کشمیر کہ مسلمانوں اور حاضرین کے لیے کروائی۔ سالزبرگ مسجد بیت المعمور کی انتظامیہ رانا شوکت علی،ملک برادران، محمد فاروق چیمہ،محمد حمید،اور ثنا اللہ کی جانب سے تمام لوگوں کا محفل میں آنے کا شکریہ ادا کیا گیا۔ محفل کے اختتام پر لنگر پیش کیا گیا