انقرہ: ترکیے کے دارالحکومت انقرہ میں پاکستان کے سفارت خانہ میں یومِ دفاع و شہدائے پاکستان کی مناسبت سے ایک استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں ترکیے کے وزیرِ قومی دفاع یاشار گیولر (Yaşar Güler) نے مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی۔
اس استقبالیہ تقریب میں ترک جنرل اسٹاف کے کمانڈر جنرل سلچوک بائرکتار اولو (Selçuk Bayraktaroğlu)، ترک بری فوج کے کمانڈر جنرل متین توکل (Metin Tokel)، ترک بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل ارجومنت تاتلی اولو (Ercüment Tatlıoğlu) اور ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل رافت دالکیران (Rafet Dalkıran) کے علاوہ سابق نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ صحت رجب آقداغ (Recep Akdağ)، نائب وزیرِ خارجہ حاجی علی اوزیل (Hacı Ali Özel)، ڈی-8 (D-8) کے سیکرٹری جنرل سہیل محمود، ملٹری اتاشی، ترک اعلیٰ حکام، پاکستانی کمیونٹی کے ارکان اور دیگر ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد پاکستان اور ترکیے کے قومی ترانے بجائے گئے۔ اس موقع پر پاکستان ایمبیسی انٹرنیشنل اسٹڈی گروپ (PEISG) کے طلباء نے پرفارمنس پیش کی اور یومِ دفاع و شہداء کی اہمیت کو اجاگر کرنے والی ویڈیو پریزنٹیشنز بھی دکھائی گئیں۔
اپنے خطاب میں، ڈیفنس اینڈ ایئر اتاشی ایئر کموڈور محمد آصف بھٹی نے 6 ستمبر 1965 کو پاکستان کے دفاع کے دوران پاکستانی قوم اور مسلح افواج کی جرات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے امن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور ساتھ ہی اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کے پختہ ارادے پر زور دیا۔
ترکیے میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے اپنے خطاب میں پاکستان کے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا اور پاکستانی قوم و مسلح افواج کی جانب سے دکھائی گئی جرات، استقامت اور اتحاد کو یاد کیا۔ انہوں نے قومی دفاع، آفات کے دوران امدادی کارروائیوں اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستانی اہلکاروں کی خدمات اور قربانیوں کو اجاگر کیا اور امن کے لیے پاکستان کے دیرینہ عزم کا اعادہ کیا۔
سفیر نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ تقسیمِ ہند کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے اور یہ بدستور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور جموں و کشمیر کے عوام کی آزادانہ مرضی کے مطابق اس تنازعے کے پرامن حل کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ترکیے کے وزیر قومی دفاع اور تقریب کے مہمان خصوصی یاشار گیولر نے پاکستان کے عوام کو ‘یومِ دفاع و شہداء’ پر مبارکباد پیش کی اور پاکستان کے شہداء اور سابقہ فوجیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے ترکیے اور پاکستان کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات اور پائیدار برادرانہ رشتے پر زور دیتے ہوئے پاکستان کو ایک اسٹریٹجک شراکت دار قرار دیا۔ انہوں نے دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو بھی اجاگر کیا۔یشار گیولر نے ترکیے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ‘مکہ دفاعی اتحاد’ کو مضبوط اسٹریٹجک تعاون، اجتماعی دفاعی صلاحیت (ڈیٹرنس) اور علاقائی استحکام کی جانب ایک تاریخی قدم قرار دیا۔
تقریب کا اختتام ایک اجتماعی تصویر پر ہوا، جس کے بعد پاکستان ایمبیسی ریزیڈنس میں مہمانوں کی تواضع روایتی پاکستانی کھانوں اور دیگر لوازمات سے کی گئی۔