جشنِ پاک امریکہ: امریکی تاریخ کے سب سے بڑے نیزہ بازی میلے کا برسہ فارم ہاؤس کولمبس اوہائیو میں انعقاد

اوہائیو کولمبس” ’’جشنِ پاک امریکہ‘‘ میں ہزاروں افراد امڈ آئے؛ امریکہ و کینیڈا کے نامور گھڑ سواروں کے سنسنی خیز مقابلے، مقامی امریکی کمیونٹی کی غیر معمولی شرکت؛ امریکی سیاسی و سماجی قیادت اور پاکستانی سفارتی حکام نے ’’برانڈ پاکستان‘‘ کے فروغ کی کاوش کو سراہاکولمبس، اوہائیو: امریکی سرزمین پر پاکستانی ثقافت، روایات اور تاریخی ورثے کا ایک منفرد اور یادگار منظر اس وقت دیکھنے میں آیا جب برسہ کلب یو ایس اے اور مڈ ویسٹ ٹینٹ پیگنگ ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام اور چودھری عبداللہ برسہ کی زیرِ صدارت 29 اگست کو برسہ فارم ہاؤس، کولمبس، اوہائیو میں عظیم الشان ’’جشنِ پاک امریکہ‘‘ منعقد ہوا۔ اس موقع پر امریکہ کی تاریخ کے سب سے بڑے نیزہ بازی میلوں میں سے ایک کا انعقاد کیا گیا، جسے دیکھنے کے لیے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔تقریب کی ایک نمایاں خصوصیت مقامی امریکی کمیونٹی کی بڑی تعداد میں شرکت تھی۔ امریکی شہریوں نے پاکستانی ثقافت، روایتی ملبوسات، کھانوں، موسیقی اور بالخصوص نیزہ بازی کے شاندار مقابلوں میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔ یوں جشنِ پاک امریکہ محض ایک کھیلوں کا مقابلہ نہیں رہا بلکہ پاکستانی اور امریکی کمیونٹیز کے درمیان ثقافتی رابطے اور باہمی آگاہی کا ایک خوبصورت پلیٹ فارم بن گیا۔تقریب میں امریکی کانگریس مین مائیک کیری، ریاستی سینیٹر مشیل رینولڈز، قونصل جنرل پاکستان نیویارک عامر عطوزئی اور ڈپٹی قونصل جنرل پاکستان شکاگو سید علی سمیت مختلف شہروں کے میئرز، منتخب کونسل ممبران، ججز، سول سوسائٹی کے نمائندگان، کاروباری و سماجی شخصیات اور کولمبس چیمبر آف کامرس کے صدر نے خصوصی شرکت کی۔امریکی منتخب نمائندوں اور دیگر معزز مہمانوں نے پاکستانی امریکن کمیونٹی کی جانب سے اتنے بڑے پیمانے پر پاکستانی ثقافت، روایات اور تاریخی ورثے کو امریکی عوام کے سامنے پیش کرنے کی کاوش کو سراہا۔ شرکاء نے اسے پاکستان کے مثبت اور سافٹ امیج کو اجاگر کرنے اور امریکی معاشرے کو پاکستانی ثقافت سے روشناس کرانے کی ایک کامیاب کوشش قرار دیا۔نیزہ بازی کے مقابلوں میں امریکہ اور کینیڈا کی مجموعی طور پر 11 ٹیموں نے حصہ لیا۔ دو ٹیمیں کینیڈا، دو اوہائیو جبکہ دیگر ٹیمیں امریکہ کی چھ مختلف ریاستوں سے کولمبس پہنچیں۔ نامور گھڑ سواروں نے اپنی مہارت، رفتار اور روایتی نیزہ بازی کا شاندار مظاہرہ کرکے ہزاروں شائقین سے داد وصول کی۔مقابلوں میں کینیڈا کی ٹیم نے سنگل اور سیکشن دونوں کیٹیگریز میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ امریکہ کی مختلف ریاستوں اور کینیڈا سے گھڑ سواروں کی شرکت نے ایونٹ کو بین الاقوامی رنگ دیا اور پاکستانی روایتی کھیل نیزہ بازی کو امریکی عوام کے سامنے متعارف کرانے کا اہم موقع فراہم کیا۔جشنِ پاک امریکہ کو صرف نیزہ بازی کے مقابلوں تک محدود نہیں رکھا گیا بلکہ اسے ایک بھرپور پاکستانی ثقافتی اور فیملی فیسٹیول کی شکل دی گئی۔ بچوں کے لیے پونی رائیڈز، فیس پینٹنگ، باؤنسی ہاؤسز اور دیگر تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا، جبکہ مختلف فوڈ ٹرکس، پاکستانی ملبوسات، جیولری اور ثقافتی اسٹالز نے میلے کی رونق کو دوبالا کردیا۔دن بھر جاری رہنے والی سرگرمیوں کے بعد تقریب کے اختتام پر شاندار لائیو قوالی پروگرام منعقد ہوا، جس نے پاکستانی موسیقی اور صوفیانہ روایت کے رنگ بکھیرے اور حاضرین سے بھرپور داد وصول کی۔چودھری عبداللہ برسہ نے اس موقع پر کہا کہ ’’جشنِ پاک امریکہ کے انعقاد کا ایک ہی بنیادی مقصد ہے، اور وہ ہے برانڈ پاکستان کو فروغ دینا۔‘‘انہوں نے کہا کہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے امریکہ میں پاکستان کے مثبت اور سافٹ امیج، پاکستانی ثقافت، روایات، تہذیب اور تاریخی ورثے کو امریکی عوام کے سامنے اس انداز میں پیش کرنا مقصود ہے کہ وہ پاکستان کو اس کی اصل ثقافتی خوبصورتی، مہمان نوازی اور بھرپور تاریخی روایات کے حوالے سے دیکھ اور سمجھ سکیں۔چودھری عبداللہ برسہ نے کہا کہ ’’جشنِ پاک امریکہ کسی سیاسی یا ذاتی مقصد کے لیے نہیں بلکہ خالصتاً پاکستان اور برانڈ پاکستان کے لیے ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ امریکہ کے مین اسٹریم معاشرے تک پاکستان کی ایک خوبصورت، مثبت اور حقیقی تصویر پہنچے۔‘‘انہوں نے کہا کہ امریکی منتخب نمائندوں، سفارتی حکام، کاروباری و سماجی شخصیات اور بالخصوص مقامی امریکی شہریوں کی جانب سے ملنے والی پذیرائی اس بات کی حوصلہ افزا علامت ہے کہ پاکستانی کمیونٹی اپنی ثقافت اور روایات کے ذریعے امریکی معاشرے کے ساتھ مضبوط روابط قائم کرسکتی ہے۔چودھری عبداللہ برسہ نے ’’جشنِ پاک امریکہ‘‘ کو کولمبس کی پاکستانی امریکن کمیونٹی کی جانب سے پورے امریکہ کے لیے ایک ثقافتی تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام نہ صرف نئی نسل کو اپنے ثقافتی ورثے سے جوڑتے ہیں بلکہ پاکستانی اور امریکی کمیونٹیز کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔تقریب کی میزبان ٹیم میں چودھری انصر گجر حاجی والا، چودھری انصر برسہ، چودھری تنویر حاجی والا، چودھری حسنین علی جنڈاوالا اور علی نور شامل تھے، جنہوں نے چودھری عبداللہ برسہ کے ہمراہ اس تاریخی تقریب کے کامیاب انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔آخر میں چودھری عبداللہ برسہ اور پوری میزبان ٹیم نے تمام اسپانسرز، رضاکاروں، نیزہ بازی کی ٹیموں، گھڑ سواروں، معزز مہمانوں، مقامی امریکی کمیونٹی، پاکستانی امریکن کمیونٹی اور امریکہ کی مختلف ریاستوں اور کینیڈا سے آنے والے تمام شائقین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، جن کی شرکت اور تعاون نے ’’جشنِ پاک امریکہ‘‘ کو ایک تاریخی اور یادگار کامیابی سے ہمکنار کیا۔